• news

شیخ رشید کو عوامی ایکسپریس کے ذریعے ٹرین مارچ کی مشروط اجازت

لاہور (میاں علی افضل سے) پاکستان ریلوے نے عوامی مسلم لیگ کے صدرشیخ رشید کو عوامی ایکسپریس کے ذریعے ٹرین مارچ کی مشروط اجازت دیدی جبکہ شیخ رشید کوسکیورٹی خدشات سے بھی آگاہ کر دیا گیا۔ پاکستان ریلوے کے مطابق شیخ رشید نے حتمی فیصلے کیلئے کچھ وقت مانگا ہے۔ شیخ رشید کو 300 سیٹیں بک کروانا ہونگی جبکہ شیخ رشید کی جانب سے ابھی تک صرف 40 سیٹیں بک کروائی گئی ہیں۔ گجرات سمیت جہلم، گوجر خاں،گوجرانوالہ اور وزیر آباد میں خطاب کی اجازت نہیں دی جائے گی  تاکہ ٹرین میں موجود 500 دیگر مسافروں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ شیخ رشید کو صرف لالہ موسیٰ میں خطاب کی اجازت دی گئی ہے جس کیلئے صرف 5 منٹ کا وقت دیا گیا۔  شیخ رشید کے خطاب کیلئے آنیوالے تمام افراد کو 10 روپے کا پلیٹ فارم ٹکٹ لینا پڑے گا۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ عوامی ایکسپریس میں مجموعی طور پر 800 سیٹیں ہیں۔ کارکنوں کونعرے بازی کی بھی اجازت نہیں دی جائیگی۔  عوامی مسلم لیگ کے تمام ورکروں کی ٹکٹیں چیک کی جائیں گی۔ زائد افراد کی موجودگی پر شیخ رشید کو مزید ٹکٹیں خریدنی ہونگی۔ شیخ رشید کو بتایا گیا کہ حالات ٹھیک نہیں ہیں حتمی فیصلہ اب انہوں نے کرنا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان ریلوے نے ٹرین مارچ کیلئے عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید کو سپیشل ٹرین دینے کی پیشکش کی تھی جس سے انکار کرتے ہوئے شیخ رشید نے عوامی ایکسپریس کے ذریعے ہی ٹرین مارچ کے فیصلے سے ریلوے کو آگاہ کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن