جماعت اہلسنّت کا ممتاز قادری کی رہائی کیلئے تحریک چلانے کااعلان
اسلام آباد ( آئی این پی ) اہلسنّت وجماعت کی مذہبی و سیاسی جماعتوں نے عاشق رسول ؐ غازی ملک ممتاز حسین قادری کی رہائی کیلئے تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔ 20جو ن کو ملک گیر یوم ممتازحسین قادری کے طورپر منایا جائے گا اور غازی ممتاز حسین قادری کی عدم رہائی کیخلاف احتجاجی مظاہرے، جلسے اور ریلیاں منعقدکیے جائیںگے جبکہ خطبات جمعہ میں قراردادیں پیش کی جائیں گیں ۔ 22جون کو اسلام آباد کنونشن سینٹر میں تاریخ ساز علماء ومشائخ کنونشن منعقد کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار غازی ممتاز حسین قادری رہائی تحریک کے امیر ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی، سربراہ پاکستان سُنی تحریک محمدثروت اعجازقادری، تحریک فدایان ختم نبوت کے امیر علامہ خادم حسین رضوی ، تنظیم المساجد کے امیرمفتی محمدعابد مبارک سمیت دیگر قائدین اہلسنّت نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔قائدین ِ اہلسنّت نے کہا کہ نبی کریم ؐ کی شان میںگستاخی کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ہر عاشق رسول گستاخ رسول کیلئے ننگی تلوارہے۔غا زی ممتاز حسین قادری کا فیصلہ قرآن وسنت کی روشنی میں کیاجائے اور اسلامی نقطہ نظر سے غازی ممتاز حسین قادری کا عمل ہر گز جرم کے زمرے میںنہیں آتا۔ پوری قوم کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ غازی ممتازحسین قادری کی رہائی کیلئے چلائی جانیوالی اس تحریک میں بھرپور انداز میں شرکت کرکے باطل قوتوں کو بتادے کہ ہم عشق رسول میں جینے اور مرنے والی قوم ہیں ۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کیلئے اہلسنّت و جماعت حکومت اور فوج کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔