سینٹ قائمہ کمیٹی نے 27 جون کو پیمرا کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ طلب کر لی
اسلام آباد (ثناء نیوز) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے پیمرا کی کارکردگی پر بحث کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے 27 جون کو رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ پیمرا قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ٹی وی چینلز کے خلاف اب تک کے اقدامات سے کمیٹی کو آگاہ کرنے، اعلی حکام کو بریفنگ اور سیٹلائٹ چینلز کے بارے میں ضابطہ اخلاق کو حتمی شکل دینے کے بارے میں پیمرا حکام کو تازہ صورت حال سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نشریات کے حوالے سے پیمرا قوانین اور ضابطہ کار کی خلاف ورزی کرنے والے ٹی وی چینلز کے خلاف کارروائی سے کمیٹی کو آگاہ اور غیر ملکی نشریات دکھانے کے سلسلے میں قواعد و ضوابط کا خیال نہ رکھنے والے ٹی وی چینلز کے خلاف کارروائی کی تفصیلات سے بھی آگاہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔