کراچی میں خونریزی جاری: اے ایس آئی سمیت6 افراد جاں بحق
کراچی(کرائم رپورٹر) کراچی میں پیر کو فائرنگ کے واقعات میں پولیس افسر سمیت6 افراد ہلاک اور تین افراد زخمی ہوگئے۔ اے ایس آئی آصف شمعون کو ناظم آباد نمبر2 میں کیفے عباس کے قریب فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے جنہوں نے روکنے کی کوشش پر پولیس موبائل پر فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔ قبل ازیںکشمیر روڈ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے کپڑے کا تاجر الطاف میمن ہلاک اور اس کا بھائی سکندر زخمی ہوگیا۔ دونوں بھائی دکان بند کرنے کے بعد رکشے میں اپنے گھر کھارادر جارہے تھے۔ دریں اثناء اورنگی ٹائون کے علاقے غیر آباد میں کمسن بچہ7 سالہ نور حسین ولد محمد حسین نامعلوم سمیت سے آنے والی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جبکہ منگھوپیر میں اچانک ہوٹل کے قریب مسلح افراد ایک شخص 35 سالہ منور ولد محمد علی کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔ علاوہ ازیں عزیز آباد کے علاقے محمدی کالونی میں مسلح افراد نے ایک شخص 45 سالہ اکرم جعفری کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ بغدادی کے علاقے موسیٰ لین میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں لیاری گینگ وار کا ملزم غفاری مارا گیا جبکہ پولیس نے اس کے قبضے سے دستی بم اور اسلحہ برآمد کرلیا۔ ادھر گلستان جوہر میں منورا چورنگی پر پولیس کی فائرنگ سے ایک ڈاکو مارا گیا دوسری طرف پاک کالونی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ملزم پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا۔ ملزم35 سالہ شہزاد ولد عبد الغفور کو پولیس نے گذشتہ شب گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا تھا جس کے تھوڑی دیر بعد اس کی طبیعت بگڑگئی اور وہ پولیس کی حراست میں ہی ہلاک ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم شہزاد دل کا دورہ پڑنے سے دم توڑ گیا۔ دوسری طرف لیاری میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں بدنام ٹارگٹ کلر سعید کمانڈو مارا گیا جبکہ پاکستان بازار میں پولیس نے ایک ڈاکو کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا اور حراست میں لے لیا پولیس حکام کے مطابق سعید کمانڈو نے ایک روز پہلے کلری تھانہ پر بم سے حملہ کیا تھا۔