• news

علماء کی مؤثر حمایت کے بغیر دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں جیتی جا سکتی: حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے علماء کرام کی مؤثر حمایت کے بغیر دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ نہیں جیتی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لئے حکومت اور فوج کو تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ حکومت ملک کے امن کا گہوارہ بننے تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رکھے گی۔ انہوں نے یہ بات یہاں ماڈل ٹائون میں ملاقات کے لئے آنے والے علماء کرام کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ، مولانا راغب حسین نعیمی، مولانا الیاس چنیوٹی، سعود مجید اور پیر سیال جھنگ کے علاوہ دیگر علماء  بھی موجود تھے۔ حمزہ شہباز نے کہا ملک میں امن وامان کے قیام میں علماء کرام ہمیشہ نمایاں کردار ادا کرتے آئے ہیں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں بھی انہیں کلیدی کردار ادا کرنا ہو گا۔ ملک کے تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے ملک میں امن کے قیام کے لئے پاک فوج اور حکومت کی ہر سطح پر بھرپور حمایت اور تعاون کریں۔  اس موقع پر علماء کرام نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، اسلام سمیت کوئی بھی مذہب معصوم انسانوں کا خون بہانے کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا تمام مکاتب فکر کے علماء کرام پاک فوج کی دہشت گردوں کے خلاف قربانیوں کی قدر کرتے ہیں اور اس کی فقید المثال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ علماء نے یقین دلایا کہ دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے خلاف آپریشن میں وہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن