کینیا : پولیس اسٹیشن‘ ہوٹلوں اور کئی عمارتوں پر حملے پچاس افراد ہلاک
ممباس (اے پی پی+اے ایف پی ) کینیا کے ساحلی شہر پیکی ٹونی میں عسکریت پسندوں کے حملے میں کم از کم 50افراد ہلاک ہوگئے۔ عسکریت پسندوں نے حملے کے دوران کئی ہوٹلوں ‘ دیگر عمارتوں اور ایک پولیس سٹیشن کو آگ لگا دی اور پولیس سٹیشنز میں موجود اسلحہ لوٹ لیا۔ حملے کے باعث شہر کے مکینوں نے قریبی جنگلات میں پناہ لے رکھی ہے ۔ کینیا فوجی ترجمان میجر ریمانویل کرکیر کے مطابق حملہ آور جن کا تعلق غالباً الشباب نامی گروپ سے تھانے شہر میں داخل ہوتے ہی لوگوں پر فائرنگ شروع کردی جو کئی گھنٹے تک جاری رہی جس پر لوگوں نے فرار ہو کر قریبی جنگل میں پناہ لی۔ شہر کی صورتحال کا جائزہ لینے اور حملہ آووروں کی تلاش کے لئے جاسوس طیاروں کی پروازیں جاری ہیں ۔‘ مقامی پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے حملے میں کئی چھینی ہوئی گاڑیاں بھی استعمال کیں ۔ واضح رہے پیکی ٹونی کینیا کے معروف تفریحی جزیرے لامو کے قریب واقع ہے۔