• news

27 جون کو بہاولپور میں جلسہ کریں گے‘ شہباز شریف‘ رانا ثناء استعفیٰ دیں‘ آئی جی کو جیل بھیجا جائے: عمران

اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف نے ماڈل ٹائون لاہور کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے پنجاب حکومت کی طرف سے بنائے گئے جوڈیشل کمیشن کو مسترد کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب، وزیر قانون سے مستعفی اور آئی جی کو ہٹا کر جیل میں ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ عمران نے کہا کہ جوڈیشل کمشن کی انکوائری کسی صورت قبول نہیں۔ عمران خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ پولیس کا غلط استعمال کیا، وزیراعظم نواز شریف جمہوریت کو اہمیت نہیں دیتے، ایک سال میں ثابت ہو گیا  نواز شریف لیڈر نہیں ، آپریشن پر قوم کو متحد کرنے پر بھی لیڈرشپ نظر نہیں آئی، 27 جون کو بہاولپور میں جلسہ ہو گا جس میں حکومت کو حتمی ڈیڈلائن دی جائیگی، پی ٹی آئی کوئی گرینڈ الائنس نہیں بنا رہی، خیبر پی کے میں آئی ڈی پیز کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے منہاج القرآن سیکرٹریٹ پر پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعہ سے شدید دکھ پہنچا ہے، نہتے لوگوں پر گولیاں چلائی گئیں جمہوریت میں ایسا نہیں ہوتا ان کا خیال تھا کہ ڈرا لیں گے لیکن اس کا الٹا ردعمل آیا، یہ کام پنجاب حکومت کے حکم پر ہوا ہے، گوجرانوالہ کے انتخابات میں بھی آئی جی ذوالفقار چیمہ کو تعاون نہ کرنے پر ہٹا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 2013 ء کے انتخابات میں دھاندلی میں پنجاب پولیس کا پورا ہاتھ تھا جس کے ثبوت ہمارے پاس ہیں۔ پولیس کے اندر 25 ہزار بھرتیاں بغیر میرٹ کے ہوئیں ان بھرتیوں میں جرائم پیشہ افراد کو بھرتی کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کی وجہ سے 22 جون کو بہاولپور میں ہونیوالا جلسہ ملتوی کر دیا تھا لیکن اب سونامی 27 جون کو بہاولپور پہنچے گا جس میں حکومت کو حتمی ڈیڈ لائن دی جائیگی انہوں نے کہا کہ آج منہاج القرآن سیکرٹریٹ واقعے پر دیگر رہنمائوں سے مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔ رائیونڈ اور ماڈل ٹائون کے محلات پر بھی بیریئر لگے ہوئے ہیں کیا اس طرح کی کارروائی کی اجازت وہاں مل سکتی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے اپیل کی تھی کہ آپریشن پر تمام قوم متحد ہو جائے لیکن وہ قوم کو متحد نہیں کر سکے ہمیں آپریشن کا ٹی وی کے ذریعے پتہ چلا یہ اعلان لیڈرشپ کو کرنا چاہئے تھا۔ آپریشن پر قوم کو اکٹھا کرنے کیلئے کچھ کیا اور نہ ہی انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی کے خدشات دور کرنے کیلئے کوئی اقدامات کئے۔ پی ٹی آئی پر امن جلسے کر رہی ہے 11 مئی کو جو الیکشن چوری ہوا تھا اب عوام اس نظام سے تبدیلی چاہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 27 جون کو ہونیوالے جلسے میں حکومت کو ڈیڈ لائن دی جائیگی پھر جو ہو گا اس کی ذمہ دار حکومت ہو گی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے منہاج القرآن سیکرٹریٹ واقعہ پر بنائے گئے جوڈیشل کمیشن کو مسترد کرتے ہیں جوڈیشل کمیشن ہمیشہ پردہ ڈالنے کیلئے بنائے جاتے ہیں،  یہ ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھا، پرامن ماحول کو خود خراب کیا گیا ہے، نہتے لوگوں پر سیدھی گولیاں برسائی گئیں اور آنسو گیس کا استعمال کیا گیا، لوگوں کو گھروں سے گھسیٹ گھسیٹ کر پیٹا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام ہماری پالیسیز پر اعتماد کر رہی ہیں، بہاولپور میں حتمی اعلان کیا جائیگا۔ قبل ازیں جاوید ہاشمی نے کہا کہ ماڈل ٹائون واقعہ کے داغ عرصے تک دھوئے نہیں جا سکیں گے، ظلم کی انتہا کر دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن