• news

شیخ رشید نے ٹرین مارچ ملتوی کردیا قادری کے استقبال کا اعلان

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ رکن قومی اسمبلی شیخ رشید احمد نے ٹرین مارچ کو ملتوی کرنے علان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت خوف کے ذریعے تمام معاملات طے کرنا چاہتی ہے ‘ حکومت نے آگاہ کیا ہے کہ 2 دہشت گرد مجھے قتل کرنے کے لئے پنجاب میں داخل ہو چکے ہیں‘ حکومت دہشت گردی کے ذریعے مجھے اور میرے کارکنوں کو قتل کرنا چاہتی ہے ‘ عوامی مسلم لیگ اپنی  تمام تر توانائیاں ڈاکٹر طاہر القادری کے  استقبال پر صرف کرے گی‘لاہور میں ظلم کی داستان لکھی گئی ‘ عورتوں اور نہتے کارکنوں پر تشدد سے جمہوریت کے بھیڑئیے بے نقاب ہو گئے ‘ پنجاب میں 2 روز قبل کی جانے والی انتظامی تبدیلی کا مقصد واضح ہو گیا ہے۔ وہ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے  باہر صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ شیخ رشید احمد نے لاہور میں پنجاب پولیس کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے والے عوامی تحریک کے کارکنوں سے اظہار یکجہتی اور واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ظلم کی نئی داستان لکھی گئی ہے۔ خواتین اور معصوم کارکنوں پر تشدد سے جمہوریت کے بھیڑیئے بے نقاب ہو گئے ہیں اور اس تشدد سے واضح ہو گیا ہے کہ چند روز قبل پنجاب میں کی جانے والی انتظامی تبدیلیوں کا مقصد کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جی ایم ریلوے کی جانب سے خط موصول ہوا ہے جس میں انہوں نے آگاہ کیا ہے کہ وہ ٹرین مارچ کے دوران کسی قسم کی سکیورٹی فراہم نہیں کرینگے جبکہ ساتھ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پنجاب میں نیاز رحیم اور عمر منصور نامی دہشت گرد حملہ آور مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس شرمناک  خط کے ذریعے ثابت ہوا ہے کہ حکومت مجھے اور میرے ورکرز کو قتل کرنا چاہتی ہے۔ مجھے اپنی جان کی کوئی پرواہ نہیں ہے تاہم اپنے کارکنوں کی جانیں عزیز ہیں اس لئے میں نے ٹرین مارچ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ ڈاکٹر طاہر القادری کا تاریخی استقبال  کرے گی اور اس حوالے سے اپنی تمام توانائیاں صرف کی جائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن