وزیر اعلیٰ کے احکامات نظرانداز، چھانگا مانگا جنگل تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا
لاہور (چودھری اشرف) چھانگا مانگا جنگل تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا۔ محکمہ جنگلات کے اعلی حکام نے وزیراعلی پنجاب کے احکامات ہوا میں اڑا دئیے۔ کروڑوں کی کرپشن میں ملوث ملازمین کو سزا دینے کی بجائے دو دو اضافی عہدوں سے نواز دیا گیا۔ محکمہ کو کروڑوں کا نقصان۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے دورہ چھانگا مانگا کے دوران جنگل کا تفصیلی جائزہ لیا تھا اور وہاں درخت نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اعلی حکام کو اسے جلد از جلد بحال کرنے کا حکم دیا تھا لیکن دو سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود کوئی عملی اقدامات نہ کئے جا سکے اور جنگل چٹیل میدان بن چکا ہے۔ اعلی حکام نے 53 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری میں ملوث خالد اقبال رینج آفیسر کو ایک کی بجائے دو اہم پرکشش عہدوں سے نواز دیا۔ خالد اقبال نے گزشتہ سال بغیر بولی کے ملی بھگت سے کانا فروخت کر دیا اور خزانے کو لاکھوں روپے کا چونا لگا دیا تھا۔ اسے دیا جانیوالا رقبہ بھی ناکام ہو چکا ہے جس سے محکمے کو لاکھوں کا نقصان پہنچا ہے۔ اسی طرح ماشاء اللہ گارڈ جس کیخلاف ایک کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری ہے اسے بھی پرکشش بلاک نمبر 2 میں ترقی دیکر بطور بلاک آفیسر تعینات کر دیا ۔ درجن سے زائد دیگر ملازمین بھی کروڑوں روپے کی ریکوری کے باوجود اہم عہدوں پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ محمد افضل بلاک آفیسر جس پر 9 لاکھ کی ریکوری ہے کو بھی پرکشش سیٹ پر تعینات کیا گیا ہے۔ رانا اکرم، علی احمد بھی لاکھوں روپے کی ریکوری کے باوجود اہم عہدوں پر براجمان ہیں۔