وزیرستان آپریشن کے دوران نقل مکانی کرنے والوں کی ہر ممکن مدد کرینگے: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ جماعۃ الدعوۃ شمالی وزیرستان آپریشن کے دوران نقل مکانی کرنے والے متاثرہ قبائلیوں کی ہر ممکن مدد کرے گی، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خاں اور کرک آنے والے متاثرین کی امداد کیلئے کارکنان و ذمہ داران کو ہدایا ت جاری کر دی گئی ہیں، قبائلی پاکستان سے محبت کرنے والے اور اس کے محافظ ہیں‘ وہ بیرونی اشاروں پر پاکستان کو میدان جنگ بنانے والوں کے ساتھ نہیں ہیں، آپریشن کے دوران پرامن قبائلیوں کے جان ومال کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچنا چاہئے۔ ملک سے بھارت اور امریکہ کی مداخلت ختم اور اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے، مذہبی و سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر دفاع پاکستان کی جدوجہد میں بھرپور کردار ادا کریں۔ وہ گذشتہ روز مرکز القادسیہ چوبرجی میں جماعۃالدعوۃ کے زیر اہتمام کارکنان و ذمہ داران کے تربیتی کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ کنونشن میں ملک بھر سے رہنماؤں سمیت ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی۔ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ امریکہ اور اس کے اتحادی افغانستان میںلڑی جانے والی جنگ پاکستان منتقل کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان میں فرقہ وارانہ قتل و غارت گری اور دہشت گردی کی آگ بھڑکا کر مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ شمالی وزیرستان آپریشن صرف ان عناصر کے خلاف ہونا چاہئے جو بھارت و امریکہ کے اشاروں پر وطن عزیز پاکستان میں دہشت گردی کی آگ بھڑکا رہے ہیں۔ جماعۃالدعوۃ شروع دن سے طالبان سے مذاکرات کی حامی رہی ہے۔ حکومت اور طالبان کے مابین مذاکرات کی ناکامی کے بعد آپریشن کا ہمیں شدید دکھ اور افسوس ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت، افواج پاکستان اور قوم کا ہر طبقہ متحد و بیدار ہو اور ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کیا جائے۔