• news

پاکستان سوئٹزرلینڈ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے: صدر ممنون حسین

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان سوئٹزرلینڈ کے ساتھ باہمی اعتماد اور خیر سگالی پر مبنی شاندار دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور انہیں مزید تقویت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان میں سوئٹزرلینڈ کے سفیر کرسٹوف بب سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو ایوان صدر میں ان سے الوداعی ملاقات کی۔ صدر نے سوئٹزرلینڈ کے ساتھ پاکستان کی طویل المدتی اقتصادی اور تجارتی شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص تجارت اور معیشت کے میدان میں روابط کو مزید تقویت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ صدر مملکت نے پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے دررمیان قریبی روابط کو مزید مستحکم کرنے  میں سفیر کرسٹوف بب کے کردار کو سراہا اور ان کی آئندہ ذمہ داریوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سبکدوش ہونے والے سفیر نے  حکومت کی طرف سے معاونت پر صدر کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن