مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں ایک اور اپیل دائر
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ فیصلے کے خلاف ایک اور اپیل دائر کر دی گئی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن (راولپنڈی بنچ) کے سابق صدر ایڈووکیٹ توفیق آصف نامی نے اپیل دائر کی جس میں پرویز مشرف اور ایف آئی اے کو فریق بنایا ہے اور سپریم کورٹ سے یہ استدعا کی گئی ہے مشرف کا نام ای سی ایل میں برقرار رکھتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ مشرف کیخلاف متعدد مقدمات کے فیصلے ہونا باقی ہیں انہیں ٹرائل کورٹس نے ابھی کلیئر نہیں کیا ہے وہ بیرون ملک فرار ہوگئے تو واپس نہیں آئیں گے، انکے خلاف غداری کیس ابھی خصوصی عدالت میں چل رہا ہے۔