• news

آزاد کشمیر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب

مظفرآباد (آن لائن) آزاد کشمیر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب‘ مسلم لیگ (ن) نے وزیراعظم ہائوس کے گھیرائو کی احتجاجی کال واپس لینے کا اعلان کردیا۔ اس ضمن میں گذشتہ روز ایوان وزیراعظم میں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید سے مسلم لیگ (ن) کے ممبر اسمبلی بیرسٹر افتخار گیلانی نے اپنی جماعت کے عہدیداروں اور کارکنوں کی ہمراہ طویل ملاقات کی جس میں مظفرآباد شہر کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے بیرسٹر افتخار گیلانی کی طرف سے پیش کئے گئے مطالبات کو فوری طور پر منظور کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو عملدرآمد کرنے کی ہدایات جاری کردیں جس کے بعد مسلم لیگ (ن) نے احتجاجی کال واپس لیتے ہوئے وزیراعظم کی ذاتی دلچسپی پر ان کا اپنی جماعت اور شہریوں کی طرف سے خصوصی شکریہ ادا کیا۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری کشیدگی اور ڈیڈلاک ختم کروانے میں میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید نے کلیدی کردار ادا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن