وفاق اور سندھ کے درمیان ٹیکس تنازعہ طول پکڑ گیا
اسلام آباد (آن لائن) وفاق اور سندھ کے درمیان 3 ارب روپے سے زائد ٹیکس کی رقم صوبائی حکومت کے اکاونٹ میں منتقل نہ کرنے کا تنازعہ طول پکڑ گیا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے وزیراعظم کو مداخلت کرنے کی درخواست کر دی ہے اور اس حوالے سے سندھ حکومت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی طرف سے سندھ کے 3 ارب روپے سے زائد کا ٹیکس واپس نہ کرنے پر وزیر اعظم کو تحریری طور پرشکایت کردی ہے۔ ذرا ئع کے مطابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ کی طرف سے وزیراعظم نواز شریف کو خط لکھا گیا ہے جس میں سندھ ریونیو بورڈ کی طرف سے ٹیکس کی رقم واپس لینے کے لئے ایف بی آرکو لکھے جانے والے بار بار لیٹرزکا حوالہ دیا گیا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ وہ وفاقی وزارت خزانہ اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ہدایات جاری کریں کہ وہ سندھ حکومت کے ٹیکس کی یہ رقم رواں مالی سال کے ختم ہونے سے پہلے سندھ حکومت کو منتقل کریں تاکہ سندھ حکومت اپنی مالی ضروریات پوری کرسکے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر اور سیکرٹری خزانہ کو متعدد بار خطوط لکھنے کے باوجود معاملہ حل نہیں ہو سکا۔