سانحہ لاہور : ذمہ داروں کیخلاف کارروائی ہو گی‘ کسی کو ملکی سلامتی دائو پر نہیں لگانے دینگے : نوازشریف
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے لاہور کے سانحہ میں جانی نقصان پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کیلئے ہائی کورٹ کا عدالتی ٹربیونل قائم کردیا گیا ہے۔ ٹریبونل کی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کا فوری تعین ہوگا اور ان کے خلاف فوری قانونی کارروائی ہوگی۔ موجودہ صورتحال میں کسی کو ملک کے داخلی امن اور سلامتی کو دائو پر لگانے کی اجازت دے سکتے ہیں نہ ہی دینگے۔ وزیراعظم آفس کے بیان کے مطابق وزیراعظم نے سانحہ میں جانی نقصان پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دُعا کی کہ اللہ مرحومین کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ دے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ریاست کی حیثیت سے پاکستان اس وقت ایک نہیں، دو جنگیں لڑرہا ہے ۔ ایک طرف ہماری افواج دہشتگردی کے عفریت سے نبردآزما ہیں دوسری طرف ہم تباہ حال معیشت کو دوبارہ اپنے قدموں پر کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔