لاہور واقعہ پر پنجاب حکومت ضمیر کی خلش پر مستعفی ہو جائے: پرویز خٹک
اسلام آباد (ثناء نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے بھی لاہور واقعہ پر پنجاب حکومت سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔وزیر اعلیٰ خیبر پی کے کی طرف سے جاںبحق معصوم شہریوں کے لواحقین کو تعزیتی پیغام بھجوا دیا گیا ہے تعزیتی پیغام میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے عوامی تحریک کے کارکنوں پر پنجاب پولیس کے وحشیانہ تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ،میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبر پی کے کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے ماڈل ٹائون لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے پر امن مظاہرین پر پنجاب پولیس کے تشدد جمہوری حکومت کا بدترین آمرانہ اور خونی اقدام قرار دیا ہے۔ ایک تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ صرف احتجاج پر خواتین سمیت درجنوں شہریوں کو جان سے مارنے اور سینکڑوں افراد کو زخمی اور تشدد کر کے گرفتار کرنے کا مطلب جمہوریت کے اندر چینگیزیت متعارف کرنے کی گھنائونی کوشش ہے جسے جمہوری لوگ برداشت نہیں کریں گے۔