فیصل آباد: پولیس کے مبینہ تشدد سے محنت کش جاں بحق، ورثاء کا نعش رکھ کر احتجاج
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) تھانہ ٹھیکری والا پولیس کے مبینہ تشدد سے 35 سالہ محنت کش جاں بحق ہو گیا۔ ایس ایچ او تھانہ ٹھیکری والا کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا جس پر لواحقین و اہل علاقہ نے پینسرہ چوک میں نعش رکھ کر پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ تھانہ ٹھیکری والا کے علاقہ چک 276 ج۔ ب ڈنڈیوال کے شفیق احمد نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے پولیس کو بتایا اس کا 35 سالہ خالہ زاد بھائی شبیر احمد اپنے ڈیرے سے کام کاج ختم کر کے واپس گھر جا رہا تھا اور اس کے پاس اس کا لائسنسی پسٹل موجود تھا اسی دوران ایس ایچ او ٹھیکری والا میاں عابد نے اپنے اہلکاروں کے ہمراہ اسے زبردستی اٹھا لیا اور تھانہ لے جا کر اسے بلاجواز مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا اور پولیس حراست میں زندگی کی بازی ہار گیا جس پر ایس ایچ او میاں عابد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ مقتول کے لواحقین نے پینسرہ چوک میں نعش رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے روڈ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بلاک کر دیا۔ مظاہرین نے پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے آر پی او اور سی پی او سے مطالبہ کیا واقعہ میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔