عمران اور طاہر القادری دہشت گردوں کیخلاف آپریشن ناکام بنانے کیلئے کوشاں ہیں: پرویز رشید
اسلام آباد(آن لائن + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان اور طاہرالقادری دونوں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن ناکام بنانے کیلئے سٹرٹیجک حمایت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ عمران خان فاٹا میں دہشتگردوں کیخلاف ایک لفظ بھی نہیں بول رہے جنہوں نے معصوم پاکستانیوں کو قتل کیا ہے، ایسے وقت جب بطور قوم پاکستانی پرچم کو بلند رکھنے کی ضرورت ہے وہ نان ایشوز اٹھارہے ہیں ،ان کا نام نہاد سونامی دہشت گردوں کو نشانہ نہیں بنا رہا اس کے برعکس وہ دہشت گردوں سے توجہ ہٹارہے ہیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ قوم نے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دہشت گردی کا نظام ریاست کی حتمی طاقت کے آگے سرنگوں ہوگا۔ دہشت گردوں نے مذاکرات کے باوجود قتل عام جاری رکھا۔ انہوں نے سیاسی ساتھیوں کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ساتھ دینے کی اپیل کی ہے۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کی تمام جمہوری قوتیں حمایت کر رہی ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں جس کی عالمی برادری کو قدر کرنی چاہئے۔ شمالی وزیرستان میں آپریشن کی تمام جمہوری قوتیں حمایت کر رہی ہیں، ہماری فورسز دہشت گردوں کو شکست دینے کی انتہائی صلاحیت رکھتی ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں اپنی حکومت کی حمایت کا یقین دلایا۔