• news

لوڈشیڈنگ کیخلاف مظاہرے‘ کراچی میں بڑا بریک ڈائون‘ گورنر‘ وزیراعلیٰ ہائوس سمیت کئی علاقوں کی بجلی بند

لاہور (نامہ نگاران+ ایجنسیاں) شدید گرمی میں طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا اور لوگ بلبلا اٹھے، شہروں میں 12گھنٹے جبکہ دیہات میں 18گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ سے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے جبکہ مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری رہا، ڈیرہ اسماعیل خان میں طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف شدید احتجاج کے دوران مین ہائی وے روڈ بلاک کر دیا گیا اور دھرنا دیا گیا جبکہ موسیٰ خیل میں خواتین نے شدید گرمی کے دوران بجلی کی بندش کے خلاف تھانہ موسیٰ خیل کے گیٹ کے سامنے دھرنا دیا اور میانوالی راولپنڈی شاہراہ بلاک کر دی۔ کئی علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت رہی اور لوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔ شدید گرمی کے باعث ایک لڑکی دم توڑ گئی۔ تحصیل پپلاں میں طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف تحصیل بار پپلاں نے مکمل ہڑتال کی اور کوئی وکیل بھی عدالت میں پیش نہیں ہوا۔ دیپالپور سے نامہ نگار کے ماطبق محمد عظیم کی بیٹی شدید گرمی کے باعث دم توڑ گئی۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق قیامت خیز گرمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نے لوگو ںکی چیخیں نکال دیں، قیامت خیز گرمی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12گھنٹے سے تجاوز کر گیا، مساجد اور گھر میں پانی کی شدید قلت کی وجہ سے شہریوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ موسیٰ خیل سے نامہ نگار کے مطابق بیسیوں  خواتین نے شدید گرمی کے دوران بجلی اور پانی کی بندش سے تنگ آ کر  تھانہ موسیٰ خیل کے گیٹ پر دھرنا دے کر میانوالی، راولپنڈی شاہراہ  بلاک کر دی۔ جس  میں عوام کی کثیر تعداد بھی شامل ہو گئی۔ شاہراہ  صبح  آٹھ بجے سے  دوپہر ایک بجے دن تک مکمل بند رہی۔ منڈی شاہ جیونہ سے نامہ نگار کے مطابق ادھر ڈیرہ اسماعیل خان میں شدید احتجاج کیا گیا اور مظاہرین نے ٹائر جلاکر ہائی وے روڈ کو بلاک کر دیا۔ علاوہ ازیں مظاہرین نے دھرنا دیا اور پشاور، کراچی کی مین ہائی وے بند کر دی جس سے گاڑیوں کی لمبی لمبی لائنیں لگ گئیں۔ مشتعل عوام نے ایکسین واپڈا اور انکے افسران کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق شرقپور شریف اورگردونواح میں قیامت خیز گرمی اور لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14گھنٹے سے تجاوز کرنے پر لوگ بلبلا اٹھے، مساجد اور گھر میں پانی کی شدید قلت کی وجہ سے شہریوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق کراچی میںبجلی کا رات گئے بڑا بریک ڈائون ہوا اور  مین لائن ٹرپ کرنے سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ بن قاسم تھرمل پاور کی سی آر لائن رات گئے اچانک ٹرپ کرگئی جس کے باعث 11 گرڈسٹیشن بند ہو گئے۔ گورنر ہائوس، وزیراعلیٰ ہائوس، صدر، کلفٹن، گزری آپریشن روڈ، سولجر بازار اور گارڈن کے علاقوں میں بجلی بند ہو گئی، ڈیفنس آئی آئی چندریگر روڈ ٹاور، ضلع جنوبی کے علاقوں میں بھی بجلی بند ہو گئی۔

ای پیپر-دی نیشن