• news

جنگجوئوں کا سب سے بڑی آئل ریفائنری پر قبضہ،20 پاکستانی، 40 بھارتی مزدور اغوا:امریکہ فضائی حملے کرے: عراقی حکومت

بغداد‘ واشنگٹن‘ نئی دہلی( نیوز ایجنسیاں+اے ایف پی+نوائے وقت رپورٹ+رائٹرز) عراق میں القاعدہ شدت پسندوں نے آئل ریفائنری پر قبضہ کرلیا۔ مختلف واقعات میں 70 سے زائد ہلاک ہو گئے۔ عراق میں سنی شدت پسندوں نے ملک میں تیل کے سب سے بڑے کارخانے پر حملہ کیا ہے 75 فیصد حصے پر قبضہ کر لیا جبکہ شدت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان دارالحکومت سے  ٰ60 کلومیٹر کے فاصلے پر بعقوبہ کے مقام پر جنگ جاری ہے۔ شہری رمادی میں بھی جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ عراقی وزیراعظم نوری المالکی نے شدت پسندوں کی پیش قدمی کو روکنے میں ناکامی پر فوجی کمانڈروں کو برطرف کر دیا۔ ادھر عسکریت پسندوں نے موصل میں 40 بھارتی مزدوروں کو اغوا کرلیا۔ اغوا ہونیوالوں میں 15 ترکی‘ 20 پاکستانی‘ نیپالی اور ترکمانستان کے باشندے بھی شامل ہیں۔ بھارتی وزارت خارجہ نے ان افراد سے کوئی رابطہ نہ ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ ادھر امریکہ نے عراق کے معاملے پر ایران سے مذاکراتی عمل آگے بڑھانے کا عندیہ دے دیا۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ جینیفر ساکی کے مطابق امریکہ‘ عراق میں استحکام کے بارے میں مزید مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ کشیدگی کے باعث عوام نے بڑے پیمانے پر نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ دولت مند افراد نے اشیائے خورد نوش کی ذخیرہ اندوزی شروع کر دی جس کے سبب قیمتوں میں زبردست اضافہ ہو گیا ہے۔ ثناء نیوز کے مطاقب عراق کے خودمختار صوبہ کردستان کے وزیراعلیٰ نچیرفان بارزائی نے ملک میں امن و امان کے قیام میں ناکامی پر وزیراعظم نوری المالکی سے استعفی کا مطالبہ کیا ہے۔ ترکی نے اپنے شہریوں کو عراق سے نکلنے کی ہدایت کر دی۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت عراق میں مقدس مقامات کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گی۔ انہوں نے عراقی حکومت کے مخالفین کو دہشت گرد اور بڑی طاقتوں کے آلہ کار قرار دیتے ہوئے کہا کہ عظیم ایرانی عوام کربلا‘ نجف‘ کاظمیہ اور سمارہ میں مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے سب کچھ کریں گے۔ صدر حسن روحانی عراقی سرحد کے قریب واقع ایرانی شہر خرم آباد میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے ہیں۔ امریکہ کے نائب صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ عراق میں مسلح افراد کی پیش قدمی روکنے کے لیے عراق کو فوری مدد کی ضرورت ہے لیکن انہوں نے واضح نہیں کیا ہے کہ آیا امریکہ عراق کی کوئی مدد کرنے والا ہے یا نہیں۔ ادھر عراق نے امریکہ سے شدت پسندوں پر فضائی حملے کرنے کی درخواست کی ہے۔ جبکہ متحدہ عرب امارات نے مشاورت کے لیے سفیر کو عراق سے واپس بلا لیا ہے۔ عراقی وزیراعظم نوری المالکی نے الزام لگایا کہ سعودی عرب داعش کی مدد کر رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن