میانوالی: کنوئیں سے بکری نکالنے کی کوشش میں عورت سمیت 3 افراد جاں بحق
میانوالی، کالا باغ (نامہ نگاران) نواحی علاقہ کوٹ چاندنہ میں کنوئیں میں گرنے والی بکری کو نکالنے کے دوران ایک عورت سمیت تین افراد زہریلی گیس کی وجہ سے جاں بحق ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ علاقہ کوٹ چاندنہ کے محلہ نصرخیل کے صفی اللہ عبدالستار کے گھر میں پرانا کنواں تھا ان کی گھریلو بکری اچانک کنواں میں جا گری تو گھر میں موجود 20 سالہ دلشاد بی بی نے دوڑکر کنواں میں اتر کر بکری نکالنے کی کوشش کر رہی تھی کہ پرانا کنواں کی تہہ میں زہریلی گیس پھیلی ہوئی تھی جس کی وجہ سے دلشاد بی بی باہر نہ نکل سکی اور گیس سے بے ہوش ہو گئی جس پر گھر کے مرد صفی اللہ عبدالستار اور اکبر خان کنوئیں میں اتر گئے اور وہ بھی کنوئیں میں بے ہوش ہو گئے۔ لوگوں اور ریسکیو کے افراد نے ان کو رسیوں اور آکسیجن اندر لے جا کر باہر نکالا لیکن باہر بے ہوشی کی حالت میں نکالے جانے والوں میں عورت دلشاد بی بی، صفی اللہ اور عبدالستار خان دم توڑ گئے جبکہ اکبر خان کو فوراً ہسپتال لے جایا گیا اور آکسیجن اور طبی امداد دے کر بچا لیا گیا۔لاہور سے ثناء نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے میانوالی کے علاقے کوٹ چاندنہ کالا باغ میں کنوئیں میں گرنے سے عورت سمیت 3 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ڈی سی او میانوالی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔