طاہرالقادری کی وطن واپسی، وزیراعظم نے فری ہینڈ دینے کی ہدایت کردی
لاہور (فرخ سعید خواجہ) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ڈاکٹر طاہر القادری کی 23 جون کو وطن واپسی پر انہیں فری ہینڈ دینے کی ہدایت کردی ہے۔ وزیراعظم نے اپنی جماعت کے تمام لوگوں کو بھی ڈاکٹر طاہر القادری سمیت تمام سیاسی مخالفین کے خلاف تندوتیز بیانات سے بھی روک دیا ہے تاکہ سیاسی ٹمپریچر کم کیا جاسکے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ میاں نواز شریف نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ سیاسی مخالفین کے علاوہ میڈیا کی جانب سے غلط الزامات سامنے آنے پر بھی تحمل اور برداشت سے کام لیا جائے۔ انہوں نے پنجاب حکومت کو بھی مشورہ دیا کہ میڈیا کے محاذ پر دلیل کا سہارا لیں۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ایک میڈیا کمیٹی بنا دی ہے جس میں صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ خان، رانا مشہود، پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن رانا محمد ارشد، پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر، سید زعیم حسین قادری ایم پی اے اور دیگر شامل ہیں۔ ان کے علاوہ صوبائی سیکرٹری اطلاعات مومن آغا، ڈی جی پی آر اطہر علی خان اور وزیراعلیٰ کے پریس سیکرٹری شعیب بن عزیز بھی اس کمیٹی کے ممبر ہیں۔ یہ کمیٹی حکومت کی مخالفت اور حق میں شائع ہونے والی خبروں، مضامین، کالموں کا جائزہ لے گی۔
فری ہینڈ