چیئرمین اوگرا تعیناتی کیس: پرویز اشرف یوسف گیلانی پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی
اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد احتساب عدالت سابق وزراء اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر ملزمان کے خلاف اوگرا کرپشن سکینڈل کے سابق چیئرمین توقیر صادق تعیناتی کیس میں فرد جرم عائد نہ کرسکی ‘ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ملزمان کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی درخواست پر سماعت 25جون تک ملتوی کر دی ۔جمعہ کو عدالت نے توقیر صادق تعیناتی کیس کی سماعت کی تو ملزمان کے وکیل فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ دلائل دینے کے لئے ان کی تیاری مکمل نہیں لہذا مزید وقت دیا جائے جس پر عدالت نے سماعت بغیر کسی کارروائی کے 25جون تک ملتوی کردی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے تمام ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کے لئے طلب کیا تھا۔