• news

دہشت گردوں کو سیاسی ایجنڈا طاقت کے ذریعے مسلط نہیں کرنے دیں گے: زرداری

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے محترمہ بینظیر بھٹو کے 1 6ویں یوم پیدائش کے موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے تمام کارکنوں اور جمہوریت پسندوں کو مبارکباد پیش کی ہے، خاص طور پر خواتین اور تمام پسماندہ طبقات کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو نے مظلوم اور پسماندہ طبقات کے لئے زندگی وقف کر رکھی تھی۔ آج ہم اپنی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 61ویں سالگرہ اس وقت منا رہے ہیں جب قوم نے عسکریت پسندی کے ذہن کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ جنگ محترمہ بینظیر بھٹو کا عزم تھا   انہوں نے اس جنگ کی قیادت کی تھی اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا تھا۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ اسی عزم کی بازگشت ہے جس کا اظہار شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی شہادت کے روز کیا تھا۔ ہماری عظیم لیڈر کا یوم پیدائش دوہری خوشی کا باعث ہے کیونکہ آج ہم ملک کو سلامتی کے خطرہ کے خلاف لڑنے کا عزم کر رہے ہیں۔ آج ہم دہشتگردی کے خاتمہ اور جمہوری نظریات کے تحفظ کا عزم کر رہے ہیں۔ بینظیر بھٹو عوام کے ذہنوں اور دلوں پر راج کرتی ہیں۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے جمہوریت کو مستحکم کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ آج ہم تجدید عہد کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کو ان کا سیاسی ایجنڈا طاقت کے ذریعے مسلط کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔ آج ہم اپنی بہادر افواج، پولیس، قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں اور عوام کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور عسکریت پسندی کے خلاف لڑتے ہوئے عظیم قربانیاں دیں ان کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی۔زرداری نے کہا کہ یہاں فیصلے اب بلٹ کے بجائے بیلٹ سے ہوں گے۔ ملکی سلامتی کیلئے خطرہ بننے والے نظریات کو شکست دیں گے، قوم نے شدت پسندی کو جڑ سے اکھاڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ بے نظیر بھٹو نے شدت پسندی کے خلاف لڑتے ہوئے جان قربان کی، ہم انکے نقش قدم پر چلتے ہوئے جمہوریت کو مستحکم کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن