• news

غزہ: زیر زمین سرنگ دھماکہ، اسرائیلی فوج کی فائرنگ ‘14 سالہ لڑکے سمیت6 فلسطینی شہید

مقبوضہ بیت المقدس + غزہ ( اے ایف بی + اے پی پی ) غزہ میں زیر زمین سرنگ دھماکے سے حماس کے 5 رکن شہید ہو گئے جب کہ اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں تین مغوی صہیونی نوجوانوں کی تلاش کے لئے آپریشن کے دوران جھڑپ میں ایک چودہ سالہ فلسطینی نوجوان کو شہید کر دیا اور 30 کو گرفتار کر لیا گیا ۔طبی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے رات گئے مغربی کنارے میں فلسطینی گھروں پر دھاوا بول دیا اس دوران فائرنگ سے چودہ سالہ لڑکا گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا جس نے ہسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا۔ اسرائیلی فوج نے الزام لگایا ہے کہ وہ مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لئے علاقے میں آئے تھے جہاں فلسطینی شہریوں نے ان پر پتھرائو کرنا شروع کر دیا جس پر انہیں گولی چلانا پڑی۔ ادھر اسرائیل اور مشرقی غزہ کے درمیان سرحد کے قریب زیر زمین سرنگ میں دھماکے کے نتیجے میں حماس کے 5 ارکان  جاں بحق ہو گئے۔ غزہ میں سکیورٹی حکام نے نام صیغہ راز میں رکھنے کی شرط پر بتایا کہ جاں بحق ہونے والے پانچوں جنگجو فوجی مشن پر تھے۔اور انکا تعلق حماس موومنٹ کے مسلح ونگ القسام بریگیڈ سے تھا۔ حکام کا کہنا  ہے کہ پیرکو اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری سے سرنگ کو سخت نقصان پہنچا تھا۔ جس کی وجہ سے زیر زمیں سرنگ اچانک منہدم ہو گئی۔مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حماس کے پانچ ارکان ٹنل کے قریب دھماکے سے جاں بحق ہو گئے۔ غزہ میں طبی ذرائع نے ہلاکتوں کی تصدیق یاتردید سے انکار کیا ہے۔ دریں اثناء اسرائیلی فوجیوں نے تین لاپتہ اسرائیلی لڑکوں کی تلاش کی کارروائیوں کے دوران مغربی کنارے سے 30 فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔یہ لڑکے گزشتہ ہفتے لاپتہ ہو گئے تھے اور شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ انھیں حماس نے اغوا کیا ہے۔فوج کی طرف سے جاری بیان کے مطابق لڑکوں کی گمشدگی کے بعد سے حراست میں لئے گئے فلسطینیوں کی تعداد 280 ہو گئی۔اسرائیل نے حماس پر اس گمشدگی کا الزام عائد کرتے ہوئے آپریشن شروع کر رکھا ہے جس کا مقصد اس کے بقول لڑکوں کی تلاش کے علاوہ مغربی کنارے میں حماس تحریک کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن