• news

بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرے، شدید گرمی سے بچے سمیت مزید5 افراد جاں بحق

لاہور (نامہ نگاران + ایجنسیاں) صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں گزشتہ روز بھی گرمی کی شدت برقرار رہی، جبکہ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے، کئی شہروں میں درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ شدید گرمی کے باعث بچے سمیت مزید 5افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد بے ہوش ہوگئے جبکہ طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا اور لوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔ اوکاڑہ میں شدید احتجاج کے دوران مظاہرین نے جی ٹی روڈ پر دھرنا دیا اور ٹریفک بلاک کردی اور واپڈا کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ مریدکے میں بھی بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جبکہ کئی علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت رہی۔ جبکہ گوجرانوالہ میں گیس کی بندش کیخلاف درجنوں خواتین نے بچوں کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ کیا اور سوئی گیس حکام کیخلاف نعرے بازی کی۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق شدید گرمی کے باعث تین سالہ کاشف، حمیداں بی بی اور شریف جاں بحق ہوگئے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق 18 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ پر لوگ سراپا احتجاج بنے رہے جبکہ پانی کی بھی شدید قلت رہی۔ پیرمحل سے نامہ نگار کے مطابق بدترین لوڈ شیڈنگ کے دوران قیامت خیز گرمی سے متعدد افراد بے ہوش ہوگئے۔ پیرمحل کے شہری اور دیہاتی حلقوں میں غیر اعلانیہ بجلی لوڈ شیڈنگ دورانیہ 18گھنٹوں سے بھی تجاوز کر جانے کی وجہ سے شہری بلبلا اٹھے۔ اٹھارہ ہزاری سے نامہ نگار کے مطابق درجہ حرارت 48ڈگری سنٹی گریڈ تک پہنچ گیا شدید گرمی کی وجہ سے متعدد افراد بیہوش ہوگئے۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق ساہیوال میں درجہ حرارت 45 سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا۔ مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کے ساتھ گیس کی لوڈشیڈنگ شروع عوام کھانا پکانے کو ترس گئے۔ عورتوں اور بچوں نے لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہرہ کیا۔ محلہ شیخاں، شہزاد ٹائون، حدوکے ٹائون، دائوکے بصرہ کالونی، نظام پارک اور دیگر علاقوں میں گیس کی قلت کے باعث چولہے ٹھنڈے رہنے لگے جس پر لوگوں نے شدید احتجاج کیا۔ علاوہ ازیں بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف بھی عورتوں اور بچوں نے مظاہرہ کیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سوئی گیس کی بندش کیخلاف کشمیر روڈ اور گردونواح کی درجنوں خواتین نے بچوں کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کشمیر روڈ، پیپلز کالونی، بہاری کالونی اور دیگر ملحقہ علاقوں میں گیس کی بدترین بندش اور کم پریشر کے خلاف درجنوں خواتین، بچوں، مردوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔ قلعہ دیدار سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ 20 گھنٹے سے بھی زیادہ ہوگئی۔ شہری پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق قصور کوٹ پیراں کے علاقے میں نامعلوم 80 سالہ معمر شخص گرمی کی شدت برداشت نہ کرتے ہوئے دم توڑ گیا۔ آئی این پی کے مطابق مختلف شہروں میں درجہ حرارت 50 تک جا پہنچا جبکہ محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے اختتام پر ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے جس سے گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن