25 جون کو کنٹینرز لگا کر لاہور کے داخلی و خارجی راستے بند کر دینگے: گڈز ٹرانسپورٹرز
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن اور تاجر اتحاد بادامی باغ نے اپنے مطالبات کے حق میں 25جون کو لاہور کے داخلی و خارجی راستو ں کو کنٹینرز کے ذریعے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور کہا ہے کہ 25جون کو نہ تو لاہور میں کوئی ٹرک و لوڈر داخل ہو گا اور نہ ہی کوئی شہر سے باہر جاسکے گا۔ اگر حکومت نے زبردستی کرنے کی کوشش کی تو گڈز ٹرانسپورٹرز سمیت اس سے ملحقہ دیگر کاروبار کرنے والے ہزاروں افراد سراپا احتجاج بنتے ہوئے حکومتی کارندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔ جس کے لئے باقاعدہ حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے اور حکومت پنجاب کو باورکروایا ہے کہ بداخلاق ایڈمنسٹریٹر لاری اڈا کو تبدیل کرے، گڈز ٹرانسپورٹرز کو در پیش مسائل کے حل اور لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹرک اڈوں کا قیام یقینی بنانے تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ گزشتہ روز پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے مرکزی جنرل سیکرٹری طارق نبیل نے گڈز ٹرانسپورٹروں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز جنرل بس سٹینڈ پر 1975سے اپنا کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم ایڈمنسٹریٹر لاری اڈا عائشہ ممتاز نے ٹرانسپورٹروں کا جینا محال کر دیا ہے جس سے ہزاروں افراد کا معاشی قتل کیا گیا ہے۔ انہوں نے ڈی سی او لاہور سے مطا لبہ کیا ہے ایڈمنسٹریٹر عائشہ ممتاز کو فی الفور تبدیل کیا جائے اور ٹرک پارکنگ کو دوبارہ کھولا جائے۔