• news

جوڈیشل کمشن کی رپورٹ کا انتظار کیا جائے، ممکن ہے سانحہ میں عوامی تحریک ملوث ہو: پرویز رشید

اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کیلئے قائم جوڈیشل کمشن کی رپورٹ آنے کا انتظارکیا جائے، ہوسکتا ہے اس میں عوامی تحریک ملوث ہو، لاہور واقعہ پر افسوس ہے اس میں ملوث ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائیگی، دھرنوں اور دھمکیوں کے ذریعے ایجنڈا نافذ کرنا بھی دہشت گردی ہے، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف جو چاہتی ہیں ہم وہ نہیں کرسکے مگر یہ بھی تو دیکھیں مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے جو کام گزشتہ ایک سال میں کیا ہے اسکی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، ہم نے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا، وزیراعظم نوازشریف دن رات ایک کئے ہوئے ہیں اورملکی ترقی کیلئے وہ مسلسل تگ ودومیں مصروف ہیں، نجی ٹی وی سے بات چیت میں پرویز رشید نے کہاکہ وزیراعظم امن وامان کے قیام کیلئے بھرپورکوششیں کررہے ہیں۔ شمالی وزیرستان میں آپریشن سب کو اعتماد میں لیکر شروع کیا گیا، ہم اپنی سلامتی کی جنگ لڑر ہے ہیں اور مسلح افواج آپریشن میں مصروف ہیں اسلئے تمام سیاسی جماعتیں اس پر اکھٹی ہوں، پوری قوم فوج کے ساتھ ہے اورآپریشن ضرب عضب کے بعد امید ہے شدت پسندوں کا خاتمہ ہو جائیگا۔ تحریک انصاف اور عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے قبل مظاہروں اور دھرنوں کا اعلان کر رکھا تھا مگر اب اسے جواز بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آگ لگانے، توڑ پھوڑ اور تشدد کی باتیں مناسب نہیں اس وقت کوئی تنازعہ پیدا نہیں کرنا چاہئے کیونکہ دہشت گردوں کو سپورٹ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

ای پیپر-دی نیشن