عدالتی تحقیقات سے قوم کو آگاہ کیا جائیگا : نعشوں کی سیاست کرنیوالے ناکام ہونگے : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ لاہور میں پیش آنیوالے افسوسناک واقعہ پر میرا دل ابھی تک رنجیدہ اور غمزدہ ہے۔ واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اور افسوس ہے، سوگوار خاندانوں کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔ واقعہ میں انصاف اور قانون کی بالادستی کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ عدالتی کمشن کی تحقیقات کے نتیجے میں حقائق سامنے آئیں گے جن سے عوام کو آگاہ کیا جائیگا اورذمہ داروں کو قانون کے مطابق گرفت میں لائیں گے، میں اللہ اور صوبے کے 10 کروڑ عوام کو جوابدہ ہوں۔ انصاف کے تقاضے ہر قیمت پر پورے کئے جائیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارگزشتہ روز اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کروں گا۔ لاہور کے افسوسناک واقعہ میں مظلوم خاندانوں کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑا ہوں گا۔ انہوں نے کہا لاشوں کی سیاست کرنے والے اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے اور ناکام ہونگے، ملک میںجب بھی بحران آئے تو لاشوں کی سیاست کرنے والے سیاستدان اپنے عوام کے ساتھ کھڑا ہونے کے بجائے بیرون ممالک برفانی فضاؤں کا لطف اٹھاتے رہے۔ پاکستان کے عوام ان کے کردار سے بخوبی آگاہ ہیں جبکہ میںایک خطرناک مرض کے باوجود خادم پنجاب کے طور پر مصیبت میں گھرے لوگوں کے ساتھ کھڑا رہا۔ انہوں نے کہا کہ انصاف اور حق کی بالادستی کیلئے کڑے فیصلے کرنے پڑتے ہیں، دنیا میں وہی قومیں آگے بڑھتی ہیں جن کی قیادت مشکل حالات میں کڑے فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صرف انصاف کا ہونا ہی کافی نہیں بلکہ انصاف ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہئے۔ مجھ پر الزام لگانے والے وہ عناصر ہیں جو لاشوں پر سیاست کرنا چاہتے ہیںاورمگر مچھ کے آنسو بہانے والے یہ عناصر 2007ء میں مکا لہرانے والوں کے ساتھ اس وقت اسلام آباد میں جشن منارہے تھے جب کراچی میں 42بے گناہ افراد کو قتل کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی بقا کی جنگ لڑ رہی ہیں اور پوری قوم کو پاک افواج کی لازوال قربانیوں پر فخر ہے۔ پاک فوج نے امتحان کی ہر گھڑی میں شجاعت اور عزیمت کی لازوال مثالیں پیش کی ہیں۔ میں پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کو سلیوٹ کرتا ہوں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پاکستان اورچین کے مابین دوستی کا مضبوط رشتہ سود مند معاشی روابط میں بدل چکا ہے۔ پاک چین دوستی آزمائش کی ہر گھڑی پر پورا اتری ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار چین کے پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیا کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ محمدشہباز شریف چین نے پاکستان کے لئے7برس کے دوران32ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پیکیج کا اعلان کر کے مخلص دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے اور یہ پیکیج پاکستان کے عوام کے لئے چین کی قیادت کا شاندار تحفہ ہے، اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اس سرمایہ کاری پیکیج سے پوری طرح استفادہ کریں۔ حکومت توانائی بحران سے جلد از جلد چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے ہر ضروری قدم اٹھا رہی ہے ۔چین کی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ سرمایہ کاری پیکیج کے تحت پاکستان میں توانائی کے 20ہزا ر میگاواٹ کے منصوبے لگائے جائیں گے۔ رواں برس کے آخر تک نندی پور پاور پراجیکٹ سے 425 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوجائے گی۔ 100میگاواٹ کا سولر منصوبہ رواں سال کے آخر تک مکمل ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ توانائی کے ساتھ انفراسٹرکچر ،ٹرانسپورٹ اوردیگر شعبوں میں بھی چین کا تعاون لائق تحسین ہے۔چین کے ساتھ لاہور میں اورنج لائن میٹروٹرین چلانے کا معاہدہ کیا گیا ہے اور اس منصوبے پر 1.7ارب ڈالر لاگت آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے شورکوٹ میں نہر میں ٹریکٹر ٹرالی گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے صدر افضل شاہ کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے بجلی کا کرنٹ لگنے سے نجی ٹی وی چینل کے سینئر کیمرہ مین امتیاز احمد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شہبازشریف