• news

پاکستان کیلئے امریکی امداد میں 65.8 ملین ڈالر کی کٹوتی

واشنگٹن (نمائندہ خصوصی/ نوائے وقت رپورٹ) امریکہ کے طاقتور کانگریس پینل نے 2015ء کے مالی سال کیلئے پاکستان کیلئے قریباً 960 ملین ڈالر امداد کی منظوری دی ہے۔ امریکی سینٹ کی اپروپری ایٹ کمیٹی نے یہ اقدام 2015ء کیلئے محکمہ خارجہ کے48.285 ارب ڈالر کے بجٹ کی منظوری دیتے ہوئے کیا ہے۔ پاکستان کیلئے 959.7 ملین ڈالر امداد کی منظوری دی گئی ہے۔ صدر بارک اوباما نے پاکستان کیلئے 1.03 بلین ڈالر کی امداد کی تجویز دی تھی جسے مسترد کردیا گیا۔ منظور کی گئی یہ امداد 65.8 ملین ڈالر کم ہے۔ اسطرح سے امداد میں 65.8 ملین ڈالر کی کٹوتی کی گئی ہے۔ یہ امداد بیروز گاری، ناخواندگی دور کرنے اور دیگر امور کے بارے میں تھی۔ اسکے ساتھ ساتھ کمیٹی نے دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ سال کے انتخابات کے بعد تعلقات کی بہتری کو بھی تسلیم کیا ہے۔ پینل کا کہنا ہے کہ کمیٹی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کو تسلیم کرتی ہے۔ کمیٹی نے اس بات کی یقین دہانی مانگی ہے کہ پاکستان کو دی جانیوالی یہ امریکی امداد پکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر خرچ نہ ہو تاہم کمیٹی نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان بہتر تعلقات کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے عزم برقرار رکھا جائے، بیروزگاری اور ناخواندگی کے خاتمے کیلئے پروگراموں پر توجہ دی جائے، پاکستان کیلئے وظائف اور پولیو پروگرام کی مد میں دی گئی امداد میں اضافہ کردیا گیا ہے ،کانگرس کمیٹی نے امریکی وزیرخارجہ پرزور دیا کہ وہ پاکستان اور افغانستان میں خصوصی نمائندے کے دفاتر بھی بند کریں۔ 2011 ء میں لاہور میں اغوا کئے گئے امریکی شہری دین سٹین کی بازیابی کیلئے کوششیں تیز کی جائیں۔ کانگرس کی اہم کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ امریکی محکمہ خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اس میں سے 816 ملین ڈالر سے زائد کی رقم معاونت پروگرام کا حصہ ہے ۔ بیان کے مطابق بل میں پولیو سے تحفظ کے پروگرام کیلئے 59 ملین ڈالر کے فنڈز کا اضافہ کیا گیا ہے جس میں پاکستان اور افغانستان میں اس بیماری کو ختم کرنے کیلئے کثیر الطرفہ مہم کے 7.5 ملین ڈالر شامل ہیں ۔ محکمہ خارجہ کے مطابق 9 ملین سے زائد کی رقم صدر اوباما کی درخواست پر بڑھائی گئی ہے ، کمیٹی نے بیورو آف سائوتھ اینڈ سینٹرل ایشیئن افیئرز کے قیام کی حمایت کی۔ پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم کیلئے ملالہ یوسفزئی کے بہادرانہ کردار کا اعتراف کرتے ہوئے سکالر شپ پروگرام کے تحت 3 ملین ڈالر کی اضافی امداد کی بھی منظوری دی گئی۔ ان کے تحت 50 فیصد سے زائد وظائف پاکستانی خواتین کو دیئے جائیں گے ۔دوسری جانب کیپٹل ہل میں امریکی ایوان نمائندگان نے کیلیفورنیا سے ری پبلکن جماعت سے تعلق رکھنے والے رکن کانگرس ڈانا روہرا بیکر کی اس تحریک کو مسترد کردیا جس میں انہوں نے پاکستان کیلئے امداد روکنے کی درخواست کی تھی۔رکن کانگرس اس مخصوص دفاعی بل میں ترمیم کر کے پاکستان کیلئے امریکی امداد روکنا چاہتا تھا۔
امریکی کمیٹی/ امداد

ای پیپر-دی نیشن