• news

پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کیخلاف ہے، امن و استحکام کو فروغ دینا چاہتے ہیں، صدر

کراچی (سٹاف رپورٹر) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے یہ خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینا چاہتا ہے، پاکستان سمندروں کے ذریعے آزادانہ تجارت کا خواہاں ہے۔کیڈٹ ذمہ داریوں کے ادائیگی کے لئے ذاتی مفاد پر ملکی مفاد کو ترجیح دیں، پاک بحریہ کا نظم و ضبط اور کام کا معیار قابل تقلید ہے۔ وہ پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر میں پاکستان نیوی مڈ شپ مین کی 101ویں ٹرم اور دسویں آفیسرز کلاس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کررہے تھے ۔پریڈ میں 29  غیر ملکیوں سمیت 108افسروں نے کمیشن حاصل کیا ۔کمیشن حاصل کرنے والوں میں برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے 29 افسر بھی شامل تھے۔ صدر خطاب کیلئے آئے تو دو گن شپ ہیلی کاپٹروں نے انہیں سلامی پیش کی۔ پریڈ سے خطاب کرتے صدر نے کہا کہ پاکستان امن و سلامتی کے فروغ پر یقین رکھتا ہے۔ یہ سمندروں کی آزادی اور ان کے ذریعے ہونے والی آزادانہ تجارت کا حامی ہے یہ اس ضمن میں متوازن خارجہ پالیسی اپنائے ہوئے ہے جو تمام ممالک بالخصوص ہمسایہ ممالک کے ساتھ مستحکم اقتصادی روابط اورخوشگوار تعلقات پر مبنی ہے۔ پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف ہے۔ صدر نے کہا کہ پوری قوم کوآپ سے بھرپور توقعات ہیں کہ آپ لیڈرشپ اور قیادت کے روایتی تصورات میں نئی جہتیں متعارف کرائیں گے۔ آپ نہایت معزز ادارے کا حصہ بن چکے ہیں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ ان روشن روایات کی پاسداری اپنے کردار کی مضبوطی، پوری ایمانداری اور مکمل وقار کے ساتھ کریں۔ ہر فوجی افسر میں اعلیٰ قائدانہ صلاحیتیں کا ہونا ضروری ہے۔ حقیقی لیڈر اگلی صف میں رہ کر قیادت کرتا ہے اور دوسروں کے لئے مثال قائم کرتا ہے جس کی بدولت اس کے ماتحت کام کرنے والوں کی وفاداریاں اس کے ساتھ رہتی ہیں۔ ایک لیڈر کو نہ صرف ذہنی اور جسمانی طور پر مضبوط ہونا چاہئے بلکہ اس میں نئے رجحانات کو اپنانے اور مشکل حالات میں تحمل مزاج اور ثابت قدم رہنے کی بھی صلاحیت ہونی چاہئے، سب سے اہم بات یہ کہ اسے اپنے پیچھے چلنے والوں کا اعتماد حاصل ہو۔قبل ازیں پاکستان نیول اکیڈمی کے کمانڈنٹ نے افسروں کو دی جانے والی تربیت کے نمایاں پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔ بعد ازیں مہمان خصوصی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسروں میں انعامات تقسیم کئے۔ مڈ شپ مین زعیم الحسنین کو مجموعی بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر عطا کی گئی۔ مڈشپ مین سعود الرحمن نے اکیڈمی ڈرک حاصل کی۔ کیڈٹ محمد حسن، ایکٹنگ سب لیفٹننٹ سید محمد ارسلان اور کیڈٹ سعد احمد کو بالترتیب چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی گولڈ میڈل، قائد اعظم گولڈ میڈل اور کمانڈنٹ گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن