وزیرستان آپریشن کا مقصد غیرملکی سازشی عناصر کا خاتمہ ہے: حافظ سعید
لاہور (سپیشل رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان آپریشن کا مقصد غیرملکی سازشی عناصر کا خاتمہ ہے۔ شمالی وزیرستان آپریشن کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ وزیرستان کے لوگ محب وطن اور ملک کیلئے قربانیاں دینے والے ہیں، شمالی وزیرستان آپریشن کی تمام مذہبی جماعتوں نے حمایت کی ہے۔ حافظ سعید نے کہا مغربی این جی اوز کے زیرانتظام چلنے والے تعلیمی ادارے معاشرے میں فساد پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں، ہمیں انکے مقابلے میں اصلاح کا کام کرنا ہے خواتین کیلئے ایسے ادارے قائم کرنے کی ضرورت ہے جہاں انکی صحیح معنوں میں دینی و اخلاقی تربیت کی جا سکے۔ اس سے معاشروں کی اصلاح ہوگی اور نوجوان نسل کے اخلاق و کردار کو بہتر بنایا جا سکے گا۔ وہ جامعۃ التقویٰ للبنات مرکز اسلامی چوک قینچی امرسدھو کے سالانہ امتحانات کے نتائج کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا بیرونی قوتیں منظم سازشوں اور منصوبہ بندی کے تحت پاکستان میں غیر اسلامی کلچر و ثقافت پروان چڑھا رہی ہیں۔ سابقہ حکمرانوں نے امریکہ و یورپ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے تعلیمی نصاب میں تبدیلیاں کیں اور منظم سازشوں و منصوبہ بندی کے تحت تعلیمی نصاب سے قرآن کی آیات، سیرت رسولؐ اور اسلامی واقعات حذف کردیئے گئے۔ موجودہ حکومت کو ان غلطیوں کا ازالہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا دشمنان اسلام مسلمانوں کو صرف نماز، روزہ تک محدود رکھنا چاہتے ہیں۔