خیبر پی کے حکومت نقل مکانی کرنیوالوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی: سراج الحق
پشاور(آن لائن)سینئر وزیر برائے مالیات خیبرپی کے سراج الحق نے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے محمد طاہر اورکزئی کے ہمراہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنیوالے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے بنوں کا دورہ کیا۔کمشنر بنوں کے دفتر میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ صوبائی حکومت شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنیوالے عوام کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیگی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن کا عمل تیز کیا جائے اور انہیں خوراک اور طبی سہولیات فوری مہیا کردی جائیں۔ انہوں نے کہا صوبائی حکومت کی جانب سے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیمیں بہت جلد بنوں پہنچ جائیں گی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے محمد طاہر اورکزئی نے کہا کہ پی ڈی ایم اے ضلعی انتظامیہ کیساتھ مسلسل رابطے میں ہے اوران کو ہر ممکن مالی معاونت فراہم کر رہا ہے۔ اسکے علاوہ کیمپ بنانے کے لئے دو ہزار خیمے جبکہ آئی ڈی پیز کیمپ کو بجلی کی مسلسل فراہمی کیلئے پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو 8 بڑے جنریٹرز بھی فراہم کئے ہیں۔