• news

نواز شہباز شریف کی ملاقات‘ کسی کو عوام کے جان و مال کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہ دی جائے : وزیراعظم

لاہور (خبر نگار) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے سانحہ ماڈل ٹائون کے ملزموں کو کیفرکردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت کی نیک نامی کو بٹہ لگانے والوں کو جلد از جلد بے نقاب کیا جائے، بعض عناصر کو موجودہ حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں کی جلد ازجلد تکمیل اور توانائی بحران کے خاتمہ کے لئے اٹھائے گئے انقلابی اقدامات ہضم نہیں ہو رہے اور وہ مسلم لیگ ن کی حکومت کو ڈی ٹریک کرنے کے لئے اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں، احتجاج کرنیوالے ملک کی ترقی اور خوشحالی کی راہ روکنا چاہتے ہیں، ملک احتجاجی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جاتی امرا (رائے ونڈ) میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں حمزہ شہباز شریف اور آئی جی پنجاب بھی موجود تھے۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم  کو طاہر القادری کی لاہور آمد، انہیں فراہم کئے جانیوالے سکیورٹی انتظامات، سانحہ ماڈل ٹاون کے حوالے سے تازہ پیشرفت، تحریک منہاج القرآن کی طرف سے فراہم کردہ طاہر القادری کی آمد کے شیڈول کو مد نظر رکھ کے صوبہ بھر میںکئے گئے حفاظتی انتظامات  کے علاوہ سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ اور پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر توقیر کو انکے عہدوں سے الگ کرنے کے اسباب پر اعتماد میں لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے وزیراعظم نواز شریف نے سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے پنجاب حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو ہدایت کی ملک و قوم اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہے ہیں۔ امن و امان کے ذمہ دار ادارے ارد گرد کی صورتحال پر گہری نظر رکھیں اور کسی کو عوام کے جان و مال کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہ دی جائے، وزیر اعظم نے کہا بعض عناصر ہماری حکومت کے ترقیاتی ایجنڈا کو ناکام بنانے کے درپے ہیں مگر حکومت عوام کی مدد سے ایسے تمام عناصر کے منفی پراپیگنڈے کو ناکام بنا دے گی۔وزیراعظم میاں نواز شریف نے مزید کہا اتحاد و یکجہتی کو نقصان پہنچانے اور ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنیوالوں کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی‘ دھرنے اور احتجاج کرنیوالے ملکی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں‘ دہشت گردی کے خلاف آپریشن کو پوری قوم کی سپورٹ حاصل ہے۔ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو گا اور حقیقی امن عوام کا مقدر بنے گا۔ سانحہ ماڈل ٹائون میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جا رہے ہیں ذمہ دار کسی بھی صورت سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا دہشت گردی کیخلاف جاری آپریشن میں ملک کو اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے اور سب کو ملکر پاک افواج کا ساتھ دینا ہو گا‘ جو لوگ ملک میں اتحاد و یکجہتی کو نقصان پہنچانے اور ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں انہیں ہر صورت عوام ناکام بنائیں گے اور ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رہے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کو بتایا سانحہ ماڈل ٹاؤن کے فوری بعد جوڈیشل کمشن قائم کر دیا تھا۔مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بھی بنا دی ہے، جس میں آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کے قابل افسر پولیس کے ساتھ مل کر الگ سے تحقیقات کریں گے۔ شہباز شریف نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی وہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلئے آخری سطح تک جائیں گے۔
وزیراعظم/ ملاقات

ای پیپر-دی نیشن