• news

احتجاج کرنیوالے بے مثال ترقی‘ خوشحالی کی راہ روکنے کے درپے ہیں : شہباز شریف

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کہا ہے ملک نازک دور سے گزر رہا ہے، اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان حالات میں احتجاج کی سیاست کسی لحاظ سے درست نہیں اور نہ ہی ملک احتجاجی سیاست کا متحمل ہوسکتا ہے۔ احتجاج کرنے والے بعض عناصر ملک میں گذشتہ ایک برس کے دوران ہونے والی بے مثال ترقی اور خوشحالی کی راہ روکنے کے درپے ہیں لیکن پاکستان کے 18کروڑ محب وطن اور باشعور عوام تخریبی اور انتشار کی سیاست کو یکسر مسترد کردیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جس نے گذشتہ روز ان سے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے کہا مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے وزیراعظم کی قیادت میںایک برس کے دوران ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لئے شبانہ روز کام کیا، جس کے باعث معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 15فیصد اضافہ ہوا۔ ٹیکس وصولیاں بہتر ہوئی ہیں۔ مجموعی قومی پیداوار بڑھی ہے۔ ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 7فیصد اضافہ ہوا۔ زرمبادلہ کے ذخائر14ارب ڈالر سے تجاوز کرچکے ہیں۔ توانائی بحران کے حل کیلئے انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ کام کیا جارہا ہے اور قلیل مدت میں 1700 میگاواٹ بجلی کا اضافہ کیا گیا جبکہ 24870 میگاواٹ بجلی کے 19منصوبوں پر کام کا آغاز کیا گیا ہے۔ نوازشریف کی قیادت میں حکومت نے ملک کی تاریخ میں پہلی بار کوئلے اور شمسی توانائی سے بجلی بنانے کے منصوبو ں پر بھی کام کا آغاز کیا ہے۔ چین کی جانب سے توانائی ،انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں کے لئے 32ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پیکیج کا اعلان کیا گیا۔ حکومت کے ٹھوس اور جامع اقدامات کے باعث ملک میں ترقی کی رفتار تیز ہوئی ہے اور گزشتہ ایک برس کے دوران وفاقی اور پنجاب حکومت پر ایک بھی پائی کی کرپشن کا الزام ہمارے بدترین مخالف بھی نہیں لگا سکے۔ قومی وسائل امانت سمجھ کر عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا  ترقی اور خوشحالی کے سفر کے مخالفین احتجاج کے ذریعے انتشار پیدا کر نے کی ناکام کوشش کررہے ہیں، لیکن 18کروڑ عوام جانتے ہیں  بے لوث خدمت کون کررہا ہے اور تخریبی سیاست کون؟ محب وطن اور باشعور عوام کسی بھی صورت میں بے مقصد احتجاج کرنے والوں کا کبھی ساتھ نہیں دیں گے۔ میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں  احتجاجی عناصر ملک میں ترقی اور خوشحالی کیوں نہیں چاہتے اور وہ کس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو روکنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا لاہور میں پولیس کے ساتھ تصادم میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے المناک واقعہ کے حوالے سے انصاف کے تقاضے ہر قیمت پر پورے کئے جائیں گے اور اس اندوہناک واقعہ کے ذمہ دار سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔ مجھے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین، عوامی تحریک کے قائدین اور کارکنوں کے جذبات کا مکمل احساس ہے۔ میں نے اندوہناک واقعہ کے فوری بعد ہنگامی اقدامات اٹھائے اور حق و انصاف کی بالادستی کے لئے کڑے فیصلے بھی کئے۔ عدالتی کمیشن کی رپورٹ پر من وعن عمل کیا جائے گا اور ذمہ دار کسی بھی صورت قرار واقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے۔ انہوں نے کہا شہباز شریف اس بات کو برداشت نہیں کرسکتا رکاوٹیں ہٹانے کے لئے عوام پر ظلم کیا جائے۔ میں متاثرین کو ہر قیمت پر انصاف دلانے کا تہیہ کئے ہوئے ہوں۔ طاہر القادری کے صاحبزادوں پر درج مقدمہ اسی رات ختم کرایا۔ خادم پنجاب کے طور پر میرا 6سالہ دور سب کے سامنے ہے۔ میں وہ شخص ہوں جو سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے دوران پنجاب کے عوام کے لئے دیوانہ وار پھرتا رہا۔ مظلوموں کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑا رہا اور طاقتوروں اور ظالموں کے غرور کو آئین اور قانون کے مطابق خاک میں ملانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ میرا ماضی گواہ ہے میں نے انصاف پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، انشاء اﷲ لاہو رکے واقعہ میں انصاف دلا کر ہی دم لو ںگا۔   میں اﷲ کے ساتھ صوبے کے 10کروڑ عوام کو بھی جوابدہ ہوں۔ کمزور اور طاقتو ر کے درمیان آہنی دیوار بن کر کھڑا رہتا ہوں۔ ہم نے غریب عوام کی مشکلات کو کم کرنے کے لئے مثالی پروگرام شروع کئے ہیں، ترقی کے اس پروگرام میں خلل ڈالنا قومی خدمت نہیں اور نہ ہی یہ کوئی انقلاب ہے اور قوم اس کی ہر گز اجازت نہیں دے گی۔ گزشتہ 5برسوں کی کرپشن پر خاموش رہنے والے آج عوام کی ترقی کے پروگرام میں کیوں روڑے اٹکا رہے ہیں۔ کیا بجلی کے منصوبوں اور عوام کی ترقی اور خوشحالی کو کو روکنا پاکستانی قوم کی خدمت ہے؟۔ شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما آصف ڈار اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نیئر عباس رضوی کے سسر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شہبازشریف

ای پیپر-دی نیشن