• news

ملتان: ڈی جی خان، شوال ڈویژنوں میں فوجی دستے تعینات، کئی جگہ سرچ آپریشن

ملتان (نمائندہ نوائے وقت+ دی نیشن رپورٹ) آپریشن ضربِِ عضب کا ممکنہ ردعمل روکنے کیلئے جنوبی پنجاب میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ پاک فوج کے دستے ڈیرہ غازیخان اور ملتان ڈویژن کے مختلف اضلاع میں حساس مقامات پر ڈیوٹیز دیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے ممکنہ ردعمل کے طور پر جنوبی پنجاب میں دہشت گردی کا خطرہ ہے جس کیلئے سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ پاک فوج کے دستے ملتان اور ڈی جی خان ڈویژن کے مختلف اضلاع میں تعینات کردئیے گئے ہیں۔ دی نیشن کے مطابق پورے جنوبی پنجاب میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔ گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ فوجی دستے جدید ترین ہتھیاروں سے لیس ہیں۔ سریع الحرکت فورس کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ میجر جنرل حسنات امیر کی سرکردگی میں جائنٹ آپریشن اینڈ کوارڈی نیشن سنٹر قائم کیا گیا ہے۔ پولیس اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔ ملتان، ڈی جی خاں، شوال ڈویژنوں میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ فوجی دستے حساس مقامات کی نگرانی کے ساتھ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پولیس کے ساتھ ملکر ڈی جی خان کے مختلف اور ملحقہ علاقوں میں جن میں فاٹا باٹا کے ملحقہ علاقے  بھی شامل ہیں، میں سرچ آپریشن کیا، مختلف حساس مقامات کی سکیورٹی مزید بہتر بنانے اور کسی  بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے  ریہرسل کی، بم ڈسپوزل یونٹ کی کارکردگی کو چیک کیا اس کے علاوہ تمام پولیس چیک پوسٹ پر چیکنگ کو سخت کردیا ہے اور کوئٹہ روڈ کے ہوٹلز کو بھی چیک کیا گیا ہے جبکہ ملتان میں جمیل آباد کے علاقے میں پولیس اور انٹیلی جنس نے مل کر سرچ آپریشن کیا، خانیوال شہر کے ملحقہ دیہات میں سکریننگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے، ملتان کور کے جوان سول انتظامیہ اور پولیس کو ہر طرح کی مدد فراہم کر رہے ہیں۔
فوجی دستے

ای پیپر-دی نیشن