’’طاہر القادری روحانی پیر ہیں‘‘ رانا تجمل کے بیان پر مسلم لیگ (ن) خاموش
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی رانا تجمل حسین نے ڈاکٹر طاہر القادری کو اپنا روحانی پیر قرار دیدیا۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے رانا تجمل حسین کے طاہر القادری سے اظہار یکجہتی پر خاموشی اختیار کرلی جبکہ عوامی اور سیاسی حلقوں میں رانا تجمل حسین کے طاہر القادری کے بارے میں خیالات اور ان سے ہمدردی زیربحث بنی رہی۔ مسلم لیگ (ن) اور عوامی تحریک میں سانحہ منہاج القرآن کے بعد تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں لیکن اس تمام صورتحال کے برعکس مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی رانا تجمل حسین نے تحریک منہاج القرآن کا نہ صرف دورہ کیا بلکہ میڈیا سیکرٹری قاضی فیض سے بھی ملاقات کی اور اسکے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا میں ڈاکٹر طاہر القادری کی بصیرت کو سلام پیش کرتا ہوں اور منہاج القرآن میں ہونیوالی پولیس کی بربریت کی مذمت کرتا ہوں اور رانا ثناء اللہ سمیت جو بھی ملوث ہے اسکو ہر صورت سزا ملے گی جبکہ دوسری طرف رانا تجمل حسین کے پارٹی پالیسی سے ہٹ کر موقف دینے کے باوجود مسم لیگ (ن) نے اس پر خاموشی اختیار کرلی ہے۔