خطرہ محسوس کر رہا ہوں، نواز شریف نہتے آدمی سے ڈر گئے تو جمہوریت کا اللہ حافظ: خورشید شاہ
اسلام آباد(ثناء نیوز + آن لائن) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے نواز شریف حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گھبراہٹ کا شکار نہ ہوں جلسے جلوسوں سے حکومتیں ختم نہیں ہوتیں۔ عوامی تحریک کے کارکنوں کی گرفتاریوں نے پرویز مشرف کے دور کی یاد تازہ کر دی ہے، حکومت کو اپنے عمل سے فوجی آمریت اور جمہوری دور کا فرق ثابت کرنا چاہیے تھا۔ ڈاکٹر طاہر القادری کو وطن واپس آنے سے نہ روکا جائے یہ ان کا جمہوری اور قانونی حق ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جماعت کے کارکنوں کی گرفتاریاں غیر جمہوری اور غیرقانونی عمل ہے حکومت غلطیوں پر غلطیاں کرنے سے گریز کرے۔ مشرف نے اسلام آباد ایئر پورٹ سے نواز شریف کو ڈیپورٹ کیا تھا حکومت کو جمہوریت اور ڈکٹیٹر شپ میں فرق کو اپنے عمل سے ثابت کرنا ہوگا۔ مسلم لیگ ن کو اب ضیاء الحق کی روح سے جان چھڑانی چاہیے۔ حکومت فیصلہ سازی کے فقدان سے بوکھلاہٹ کی شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو شام کے مسئلہ پر غیر جانبدار رہنا چاہئے، شام کے مسئلے پر علم نہیں تا ہم نظریہی آتا ہے کہ پاکستان نے اپنی پوزیشن میں تبدیلی کی ہے جس کے خطے میں پاکستان کے کردار پر نہایت منفی اثرات مرتب ہو ئے ہیں۔ شام میں مداخلت کے الزامات سے پاکستان کی دہشت گردی اور القاعدہ کے خلاف اختیار کی جانے والے عالمی سیاسی پوزیشن کو شدید نقصان پہنچا۔ ایسی کسی بھی غیر ضروری مہم جوئی سے پرہیز کرنا چاہئے جو نقصان دہ ثابت ہو۔ ہم ایٹمی قوت ہیں اگر ہم اپنا کردار صحیح طور پر ادا کریں تو یہ مسلم دنیا کے فائدہ میں ہوگا۔ ایکخصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ما ضی میں پاکستان کا کردار خطے میں غیر جانبدارانہ تھا۔ ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں تمام مسلمان ممالک کو اکٹھا کر کہ ایک اسلام سربراہی کانفرنس کی بنیا د رکھی گئی اسی طرح ایک اور سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے دور میں بھی اسی سلسلے کو آگے بڑھایا گیا، یورپی یونین میں میں بھی گرانقدر کردار ادا کیا گیا۔ افسوسناک بات ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں پاکستان کی یہ تمام کوششیں شام اور دیگر ممالک کے مسائل میں مداخلت کر کہ ڈبو دی گئی ہیں۔ امریکہ کا کردار ہمارے سامنے ہے وہ ساری دنیا میں مسلم ممالک کو تقسیم کر رہا ہے ان کو ایک دوسرے کے خلاف صف آراء کر رہا ہے ایسی صورتحال میں ہمیں بطور واحد اسلام ایٹمی قوت اپنا کردار ادا کرنا چائیے اور مسلم ممالک کے مابین مسائل کو پرامن انداز میں حل کرنے کے حوالے اسے اپنی کوششیں کرنی چاہئیں۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں جمہوریت کیلئے خطرہ محسوس کرتا ہوں نواز شریف دو تہائی اکثریت لیکر بھی جلسے جلوسوں سے خوفزدہ ہیں۔ وزیراعظم خوفزدہ ہیں تو اس سے جمہوریت کو خطرہ ہو سکتا ہے کئی بار نواز شریف کو خبردار کیا ہے کہ وہ حقیقی جمہوری وزیراعظم ہیں۔ اگر نواز شریف ایک نہتے آدمی سے ڈر جاتے ہیں تو پھر جمہوریت کا اللہ حافظ ہے۔
خورشید شاہ