• news

طاہر القادری کا سیاسی ایجنڈا سمجھ سے بالاتر ہے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیرجماعت اسلامی اور سینئر صوبائی وزیر خیبر پی کے سراج الحق نے کہا ہے کہ متاثرین شمالی وزیرستان آپریشن کے سندھ اور پنجاب جانے پر پابندی ناقابل قبول ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے پابندی لگا کر تنگ نظری کا ثبوت دیا ہے، آئین کی رو سے پاکستان کا ہر شہری ملک کے کسی بھی حصے میں کہیں بھی آجا سکتا ہے۔ عیدالفطر کے بعد ملک میں حقیقی تبدیلی اور ملک کے کروڑوں غریب عوام کے دکھوں کے مداوے اور موجودہ استحصالی نظام سے نجات کیلئے ایک عظیم الشان عوامی ایجنڈا لے کر عوام کے پاس جاؤں گا، لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کے سفاکانہ قتل نے پنجاب حکومت کی جمہوریت نوازی کا پول کھول کر رکھ دیا ہے، طاہر القادری کا سیاسی ایجنڈا سمجھ سے بالاتر ہے لیکن ان کے کارکنوں پر ظلم کی شدیدمذمت کرتے ہیں، ملک میں ہر سیاسی جماعت اور تحریک کو پُر امن آئینی اور جمہوری ذرائع سے اپنا پروگرام اور منشور عوام تک پہنچانے کی راہ میں کوئی رکاؤٹ نہیں ڈالنی چاہئے۔ ہماری خواہش ہے کہ ملک میں جمہوری ادارے چلتے رہیں اور موجودہ حکومت کو اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرنے کا موقع ملنا چاہئے، تاہم نواز حکومت کو بھی پانچ سالہ مدت پوری کرنے کیلئے مطلوبہ صلاحیت اور اہلیت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ بنگلہ دیش میں  اسلامی جمعیت طالبات کی کارکنان کی گرفتاری پر تشویش ہے۔ حسینہ واجد کی حکومت جماعت اسلامی کے کارکنان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایبٹ آباد میں اجتماع اور مانسہرہ میں تربیتی نشست اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ آپریشن نے قبائلی عوام کو مشکلات سے دوچار کردیا ہے ۔ شدید گرمی اور رمضان کے مہینے میں آپریشن سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا، نقل مکانی کرنے والوں کے لئے مرکزی حکومت نے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی۔ لگتا ہے اسلام آباد کے حکمران تماشہ دیکھ رہے ہیں۔ ملک ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کے چنگل میں پھنس چکا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہی صورتحال رہی تو پھر اس ملک کے کروڑوں غریب عوام کو اپنے حقوق کے لئے اور ملک کو استحصالی نظام سے نجات دلانے کے لئے آگے بڑھ کر ایک فیصلہ کن جدوجہد کرنے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔ ملک کے انتخابی نظام پر عوام کے اعتماد کو بحال نہ کیا گیا تو اس سے جمہوریت کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے تمام زیر حراست کارکنوں کو فی الفور رہا کیا جائے۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن