• news

حکومت آل پارٹیز کانفرنس بلاکر فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے: حافظ سعید

شیخوپورہ(نامہ نگار خصوصی)جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ شمالی وزیر ستان میں فوج کا آپریشن ناگزیر ہوچکا تھا پاکستان اس وقت بھارت اور امریکہ کی سازشوں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے۔ سیاسی امور پر اختلاف ہوسکتا ہے مگر دفاعی معاملات پر پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس بلا کر فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز خالد بن ولید ریگل چوک میں تربیتی نشست اور مقامی ہوٹل میں مرکزی انجمن تاجران کی طرف سے دیئے جانے والے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ سعید نے کہا کہ ڈرون حملے اور خود کش حملے ایک پلاننگ کا حصہ ہیں جن کا مقصد پاکستان کے اندر عدم استحکام اور ہمیں آپس میں دست و گریبان کرنا ہے، اس وقت ملک میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر فسادات بھی اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کا نتیجہ ہیں، امریکہ افغانستان سے نکل رہا ہے اور اس نے اس خطہ میں اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے بھارت کو افغانستان میں بٹھانے کا جو فیصلہ کیا ہے وہ ہماری قومی سلامتی، آزادی و خود مختاری کے لئے بہت بڑا خطرہ ہے اس وقت افغانستان میں بھارتی افواج کی تعداد 10ہزار سے بڑھ کر 25ہزار ہو گئی ہے۔ امریکہ افغانستان سے شکست کھا کر نکل رہا ہے انشاء اللہ اس کے حواری بھی شکست سے دوچار ہوں گے۔ بھارت سے دوستی کی کوئی ضرورت نہیں ہمیں چین اور ترکی کے ساتھ معاہدہ جات کرکے اپنی کامیابی کے زینہ پر گامزن ہونا ہوگا۔ علاوہ ازیں حافظ محمد سعید نے کہا کہ محب وطن قبائلیوں کی مدد اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ تمام جماعتوں سمیت پوری قوم کو اس عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ ہم نے اسلام دشمنوں کے لئے ریلیف کی آڑ میں ملک دشمن سرگرمیاں پروان چڑھانے کے لئے راستے کھلے نہیں چھوڑنے۔ جماعۃ الدعوۃ نے بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں امدادی کیمپ قائم کردیئے۔ متاثرین کو خوراک، صاف پانی اور دیگر اشیاء فراہم کی جارہی ہیں۔ مظلوم کشمیری مسلمان دفاع پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ غاصب بھارت سے آزادی کیلئے ان کی مدد کرنا مسلم امہ پر فرض ہے۔ اپنے کشمیری بھائیوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وہ ہاکی گرائونڈ نارووال میں جماعۃ الدعوۃ کے زیر اہتمام کارکنان کی تربیتی نشست سے خطاب کررہے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن