کراچی: ٹارگٹ کلنگ میں 3 افراد جاں بحق، 5 زخمی
کراچی (کرائم رپورٹر+ این این آئی) پولیس نے لنک روڈ اور سہراب گوٹھ کے قریب افغان بستی میں سرچ آپریشن کرکے پانچ غیر ملکیوں کو گرفتار کرکے مزید اسلحہ بھی برآمد کیا۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بازیاب کرایا جانیوالا ڈاکٹر منصور پیرول پمپ کا مالک تھا اور اسے 22 روز قبل گلشن حدید فیز2 سے اغوا کرنے کے بعد 5 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا تھا جبکہ بعد میں ایک کروڑ روپے پر معاملہ طے ہوا تھا۔ پولیس کے مطابق دہشت گرد موٹر سائیکلوں میں بارودی مواد نصب کر کے دھماکے کرنے میں ملوث تھے۔ علاوہ ازیں کراچی میں اتوار کو فائرنگ کے واقعات میں 2افراد ہلاک اور پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ اورنگی ٹائون نمبر ایک میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ اورنگی کے علاقے فقیر کالونی میں بھی فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان22 سالہ اکرم زخمی ہو گیا جبکہ قطرہسپتال کے نزدیک نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک خاتون50 سالہ شمیم زخمی ہو گئی۔ نارتھ ناظم آباد قلندریہ چوک کے نزدیک 35 سالہ نوجوان کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا۔ عائشہ منزل کے علاقے میں فائرنگ سے 35 سالہ بشیر زخمی ہو گیا اور ماری پور کے علاقے مشرف کالونی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 25 سالہ سرفراز زخمی ہو گیا۔ دریں اثنا کھوکھراپار ملیر میں جھگڑے کے دوران بیٹوں کو بچانے کے لئے آنے والی بوڑھی ماں زوردار دھکا لگنے سے ہلاک ہو گئی۔ لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں لوٹ مار میں ملوث ایک مبینہ ملزم نامعلوم شخص کی فائرنگ سے مارا گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت جنید اللہ کے نام سے ہوئی جو اشتہاری ملزم تھا اور مبینہ طور پر لوٹ مار کرتے ہوئے کسی راہ گیر کی فائرنگ کا نشانہ بنا۔ کلاکوٹ میں ہی پولیس نے مقابلے کے بعد دو بھتہ خوروں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ کے علاوہ بھتے میں وصول کی گئی 22 ہزار وپے کی رقم برآمد کر لی۔ پولیس کے مطابق دونوں گرفتار بھتہ خوروں کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔ دوسری طرف ایڈیشنل آئی جی کراچی پولیس غلام قادر تھیبونے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ گذشتہ تین روز میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں تیزی آئی ہے۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے نے کہا منگھوپیرآپریشن میں کالعدم تنظیم کے 7 دہشت گرد جبکہ لیاری میں دہشت گرد بلال شیخ مارا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی کا کہنا تھا شہر میں1400 افراد کی حفاظت کیلئے ایک اہلکارتعینات ہے۔