• news

طاہر القادری کا اصل ہدف پاکستانی معیشت کو نقصان پہنچانا ہے: احسن اقبال

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کے نتیجہ میں ملکی زر مبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالر  سے زائد  ہوچکے ہیں، ایک سال کے دوران پاکستان پر قرضوں میں 7 سو ارب کی کمی ہوئی تو دوسری طرف محصولات کی وصولیوں میں 15 فیصد اضافہ  ہوا جو موجودہ حکومت کا شاندار کارنامہ ہے، جی ڈی پی گروتھ ریٹ بڑھ کر 4 فیصد ، بجٹ خسارہ کم ہوکر 5 فیصد ہوچکا ہے، روزانہ 30 ہزار بیرل تیل نکالا جا رہا ہے، جلد ایل پی جی کی درآمد شروع ہو جائیگی، نواز شریف حکومت نے ایک سال میں  ملکی معیشت کی مضبوط بنیادیں ڈال دی ہیں، تمام اقتصادی اشاریئے مثبت سمت میں جا رہے ہیں، سیاسی انتشار کیلئے کوشاں عناصر پاکستان دشمن ایجنڈا پر عمل پیرا ہیں، طاہرالقادری جیسی غیر جمہوری طاقتیں یہی سب کچھ ہوتے ہوئے نہیں دیکھ سکتیں، طاہرالقادری کا اصل ہدف پاکستانی معیشت کو نقصان پہنچانا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بعض عناصر نہیں چاہتے کہ پاکستان ترقی کرے، ملک کو ترقی کے سفر پر تیزی سے گامزن دیکھ کر سازشی ٹولہ چاہتا ہے کہ پاکستان کو پھر غیر مستحکم کیا جائے، عوام نے نواز شریف کو ملکی ترقی کیلئے 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے، عوام کسی کو اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ملک کو ایک بار پھر ترقی کیلئے جاری سفر سے روک کر اسے غیر مستحکم کرے۔ حکومت نے ملکی ترقی کیلئے جو منصوبے شروع کیے ہیں ان کی تکمیل سے ملک کی تقدیر بدل جائیگی، روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے۔ سیاسی عدم استحکام ہی دراصل پاکستان دشمنوں کا ایجنڈ ا ہے، اسی پاکستان دشمن ایجنڈے کی تکمیل کیلئے قادری اینڈ کمپنی کو سرگرم کیا گیا ہے۔ عوام ایسے عناصر کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور منتخب حکومت سے مل کر ترقی کی شاہراہ پر سفر تیزی سے جاری رکھیں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ طاہرالقادری نے نیا سکیورٹی چیلنج پیدا کر دیا ہے۔ طاہرالقادری ایجنڈا کے تحت فساد پیدا کرنے کیلئے آ رہے ہیں۔ دہشت گرد موقع کی تلاش میں رہتے ہیں خطرات کے باوجود ہر ممکن سکیورٹی فراہم کریں گے۔ یہ انقلاب نہیں فتنے اور فساد کا ایجنڈا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن