• news

شمالی وزیرستان آپریشن کی حمایت قوم پر فرض ہے : سنی اتحاد کونسل اور علماء بورڈ کے فتوے

لاہور (خصوصی نامہ نگار)چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر سنی اتحاد کونسل کے 30 مفتیانِ کرام نے دہشت گردوں کیخلاف پاک فوج کے آپریشن ضربِ عضب کے حق میں اجتماعی فتویٰ جاری کردیا۔ سنی اتحاد کونسل کے مفتیوں نے اپنے فتویٰ میں کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی کے تحفظ کیلئے شروع کئے گئے پاک فوج کے آپریشن ضربِ عضب کی حمایت ہر پاکستانی پر شرعاً فرض اور لازم ہے کیونکہ یہ آپریشن اسلامی ریاست کی اسلامی فوج ریاست کے باغیوں، اسلام کے غداروں اور انسانیت کے بدترین دشمنوں کے خلاف کر رہی ہے جبکہ پاکستانی سنی تحریک علماء بورڈ کے 100 جید علماء و مفتیان کرام نے بھی دہشت گردوں کیخلاف جاری فوجی آپریشن کی حمایت میں اجتماعی فتویٰ جاری کردیا ہے اور کہا گیا ہے کہ آپریشن ’’ضربِ عضب‘‘ عین جہاد ہے اور اسکی حمایت قوم پر شرعاً فرض ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے مفتیان کرام کے مطابق اسلامی ریاست کے خلاف مسلح جدوجہد ناجائز اور خلافِ اسلام ہے اسلئے اسلامی ریاست کے خلاف اعلان جنگ کرنیوالوں کی سرکوبی کے لئے ہونے والا فوجی آپریشن شرعاً جائز اور درست ہے۔ اس آپریشن کی مخالفت اسلام و پاکستان دشمنی ہوگی۔ ریاست مخالف دہشت گردوں کو مذاکرات کا وقت دیا گیا اور بات چیت کے ذریعے انہیں ہتھیار پھینکنے کی مسلسل اپیلیں کی گئیں لیکن ہٹ دھرم اور ضدی دہشت گردوں نے مذاکراتی عمل کے دوران بھی دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔ فتویٰ میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ تمام اختلافات بھلا کر آپریشن ضربِ عضب کی حمایت کریں اور پاک فوج کی پشت پناہی کریں۔ فتویٰ جاری کرنے والے مفتیوں میں علامہ محمد شریف رضوی، مفتی محمد سعید رضوی، مفتی محمد اکبر، علامہ شرافت علی قادری، مفتی محمد رمضان جامی، مفتی شعیب منیر، مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد کریم خان، مفتی اظہر سعید، مفتی لیاقت علی، مفتی محمد یونس، علامہ باغ علی رضوی، مفتی محمد حسین صدیقی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، مولانا محمد وزیرالقادری اور دیگر شامل ہیں جبکہ پاکستان سنی تحریک علماء بورڈ نے فتویٰ جاری کرتے ہوئے اجتماعی شرعی اعلامیہ میں کہا کہافواج پاکستان کااسلامی ریاست کے باغی دہشتگردوںکیخلاف شروع کیاگیا آپریشن’’ ضربِ عضب‘‘  عین جہاد ہے۔ جو کوئی اس جہاد کی مخالفت کریگا وہ شریعت کی رُوسے باغی گردانا جائیگا اور ریاست اس سے متعلق باغیوں جیسا سلوک کرنے کا حق رکھتی ہے۔ اسلام ہر گزنجی جہاد کی اجازت نہیں دیتا۔ اسلام کے نام پر مسلح کارروائیاں کرنیوالے بیرونی قوتوں کے آلۂ کار ہیں۔ اجتماعی شرعی اعلامیہ جاری کرنیوالے علماء و مفتیان کرام میں علامہ غفران محمود سیالوی، مفتی محمد شرف الدین صدیقی، مفتی لیاقت علی رضوی، مفتی محمد عثمان رضوی، مفتی محمد حسیب عطاری، مفتی محمد عارف چشتی، مفتی خطیب احمد الازہری، مفتی قاضی سعید الرحمن، علامہ پیر غلام مرتضیٰ شاکر، علامہ عبداللطیف قادری اور دیگر شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن