• news

سرائے مغل: شادی والے گھر سے 2 کمسن بچے اغوا، نامعلوم افراد نے ہاتھ پائوں توڑ کر غار میں پھینک دیا، علاقے میں خوف و ہراس

سرائے مغل(نامہ نگار) شادی والے گھر سے دو کمسن بچوں کو اغوا کر کے نا معلوم ملزمان نے ہاتھ پائوں توڑ کر غار میں پھینک دیا۔ نواحی گائوں گروکے میں محمد علی کے گھر شادی تھی کہ نا معلوم ملزمان نے محمد علی کے دو سالہ بیٹا وقاص کو اغوا کر لیا اور دریا کنارے ویران جگہ پر معصوم بچے کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور ہاتھ پائوں توڑ کر گہری غار میں پھینک کر اُوپر مٹی ڈال کر فرار ہو گئے۔ اُس سے اگلے ہی روز نواز کے ایک سالہ بیٹے کو نا معلوم ملزمان نے اغوا کے بعد اُسی جگہ پر بچے کی بازو، ٹانگیں اور ریڑھ کی ہڈی توڑ کر اُسی غار میں پھینک دیا۔ بچوں کے اغوا کی خبر سن کر شادی والے گھر خوشیوں کی بجائے ماتمی بین ہونے لگے۔ بچوںکے رشتے دار تلاش کرتے کرتے جب دریا کنارے پہنچے تو انہوں نے ایک گہری کھائی میں بچوںکے رونے کی آ وازیں سنیں، بچوں کے اُوپر مٹی ڈالی گئی تھی۔ بچوں کو نکالا گیا تو ان کے منہ مٹی سے بھرے ہوئے اور ہڈیاں ٹوٹی ہوئیں تھیں۔ پورے علاقے میں اس گھنائونی واردات سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ جبکہ واقعہ کی اصل وجہ ابھی تک سامنے نہیں آ ئی۔ لوگوں نے مطالبہ کیا ہے ان سنگین وارداتوں کی تحقیقات کر کے ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن