عافیہ کیساتھ ناانصافی کیخلاف عالمی سطح پر معاشرہ متحد ہو چکا ہے: فوزیہ صدیقی
کراچی (این این آئی) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بین الاقوامی رہائی مہم کے سلسلے میں عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کیپ ٹائون، سائوتھ افریقہ میں نسلی امتیاز کے خلاف جدوجہد کرنے والے عظیم افریقی رہنما آنجہانی نیلسن منڈیلا کے ساتھ 20 سالہ طویل قید تنہائی کاٹنے والے رہنما احمد کتھراڈا سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ملاقات میں احمد کتھراڈا نے کہا کہ ظلم، تشدد، غیرقانونی قید اور ناانصافی کو ہم مشترکہ طور پر بہتر سمجھ سکتے ہیں۔ ماضی میں ہمارے ساتھ جو کچھ بیت چکا ہے آج اس کا سامنا ڈاکٹر عافیہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر معاشرہ فرد کے ساتھ کی جانے والی ناانصافی پر خاموش رہتا ہے تو اس کا نتیجہ قوموں کی غلامی کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ عافیہ صدیقی کی بے گناہی کی وجہ سے عافیہ رہائی مہم مختصر عرصے میں عالمی مہم کی صورت اختیار کرگئی ہے اور عافیہ کے مسئلے پرعالمی سطح پر معاشرہ ناانصافی کے خلاف متحد نظر آتا ہے۔