شمالی وزیرستان : بمباری جاری‘ 25 دہشت گرد ہلاک‘ 2 اہلکار شہید پانچ لاکھ افراد کی نقل مکانی‘ کرفیو نافذ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ ثنا نیوز) آئی ایس پی آر نے کہا ہے شمالی وزیرستان میں گزشتہ روز آپریشن کے دوران 25 دہشت گرد مارے گئے۔ ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔ آپریشن کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جیٹ طیاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر صبح کارروائی کی، آپریشن ضرب عضب کے دوران میر علی میں جیٹ طیاروں کی بمباری میں دہشت گردوں کے 8 ٹھکانے تباہ کر دئیے گئے اور جیٹ طیاروں کی کارروائی میں 15 دہشت گرد مارے گئے جبکہ فوج کا حصار توڑنے کی کوشش میں 10 دہشت گردی مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 فوجی جوان بھی شہید ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیدگئی چیک پوسٹ پر اب تک 4 لاکھ 14 ہزار 429 آئی ڈی پیز رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، پاک فوج کے انجینئرز ڈویژن نے بنوں میں امدادی اشیا کی تقسیم کیلئے 4 کیمپ قائم کر دئیے جبکہ بنوں میں آرمی میڈیکل کور کا ایک فیلڈ میڈیکل ہسپتال بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے شمالی وزیرستان آئی ڈی پیز کی تعداد 4 لاکھ 50 ہزار 681 ہوگئی ہے۔ آئی ڈی پیز میں ایک لاکھ 18 ہزار 753 مرد اور ایک لاکھ 42 ہزار 113 خواتین اور ایک لاکھ 89 ہزار 815 بچے شامل ہیں۔ ایف ڈی ایم اے کا کہنا ہے 18 خاندانوں نے بکاخیل کیمپ میں رہائش اختیار کی ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کیلئے راولپنڈی اسلام آباد میں 3 ریلیف فنڈز قائم کر دئیے۔ ریلیف کیمپس میں آپریشن ضربِ عضب کے متاثرین کیلئے امدادی اشیا اکٹھی کی جائیں گی۔ راولپنڈی میں ایک ریلیف کیمپ پولو گرائونڈ ریس کورس پارک، دوسرا راولپنڈی میں عمران خان ایونیو چکلالہ سکیم تھری میں اور تیسرا ریلیف کیمپ اسلام آباد میں فاطمہ جناح پارک ایف نائن میں قائم کیا گیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق شمالی وزیرستان سے افغانستان کے راستے کرم ایجنسی آنے والے 212 خاندانوں کے 1714 افراد کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔ ہلال احمر پاکستان کے میڈیا افسر خالد بن مجید نے بتایا ہلال احمر 40 ہزار پناہ گزینوں کو اشیائے خوردونوش اور صاف پینے کا پانی فراہم کریگی۔ لکی مروت سے نامہ نگار کے مطابق پولیس نے شمالی وزیرستان سے لکی مروت آنیوالے 217 آئی ڈی پیز خاندانوں کی رجسٹریشن مکمل کرلی۔ ثناء نیوز کے مطابق شمالی وزیرستان میں دوبارہ کرفیو نافذ کر دیا گیا۔ پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق 6 روز کے دوران علاقے سے 5 لاکھ کے قریب افراد نقل مکانی کرچکے ہیں۔ اب ایجنسی میں نافذ کرفیو میں نرمی نہیں کی جائیگی۔ شمالی وزیرستان میں پیر کی صبح 4 سے شام 6 بجے تک کرفیو میں نرمی کا اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم سکیورٹی وجوہات کی بنا پر دو گھنٹے پہلے ہی دوبارہ کرفیو نافذ کردیا گیا۔ پولیٹیکل انتظامیہ نے اعلان کیا ہے شمالی وزیرستان میں جو لوگ رہ گئے ہیں وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ حکم کی خلاف ورزی پر گولی مار دی جائیگی۔ شمالی وزیرستان کے اندرونی اور بیرونی تمام راستے بند کردئیے گئے ہیں۔ پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے جو خاندان کھجوری چیک پوسٹ اور سیدگئی چیک پوسٹ پہنچ چکے ہیں انہیں آگے جانے دیا جارہا ہے۔
شمالی وزیرستان/ آپریشن