سائوتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے بھارت کا پاکستانی ٹیم کو ویزے دینے سے انکار
لاہور(سپورٹس رپورٹر) بھارت نے تعصب کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ کی دفاعی چیمپئن پاکستان ٹیم کو ایونٹ میں شرکت کے لئے ویزے جاری کرنے سے انکار کر دیا۔ ساوتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ 23 جون سے بھارت کے شہر نئی دہلی میں شروع ہونا تھی۔ اسلام آباد میں موجود بھارتی ہائی کمشن نے گذشتہ روز پاکستانی دستے میں شامل کھلاڑیوں اور آفیشلز کے پاسپورٹ یہ کہہ کر واپس کر دیئے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے انہیں کلیئرنس نہیں مل سکی۔ واضح رہے کہ پاکستان ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ کا دفاعی چیمپئن بھی ہے جس کے 48 رکنی دستہ نے سینئر، جونیئر اور کیڈٹ کیٹگری کے مقابلوں کے علاوہ کوچز اور ریفری کورس میں بھی شرکت کرنا تھی۔ پاکستان کراٹے فیڈریشن کے صدر محمد جہانگیر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے چیمپئن شپ کے دفاع کے لئے بھرپور تیاری کر رکھی تھی انہیں موقع نہیں دیا گیا ہے۔