فٹبال ورلڈ کپ: سپین نے آسٹریلیا کو شکست دے دی‘ چلی ہالینڈ سے ہار گیا
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ورلڈ فٹبال کپ میں سپین نے آسٹریلیا اور ہالینڈ نے چلی کو شکست دیدی۔ گروپ بی میں ہالینڈ نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم کوئی میچ نہ جیت سکی۔ تفصیلات کے مطابق سپین نے ورلڈکپ فٹبال ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا کو 3-0 سے ہرا دیا۔ سپین کی طرف سے پہلا گول ڈیوڈ ولا نے 36ویں منٹ پرکیا۔ دوسرا گول فیمنڈو ٹورس نے 69ویں منٹ پر جبکہ تیسرا گول جوآن ماتا نے 82ویں منٹ میں کیا۔یوں میگا ایونٹ کے دوران دفاعی چیمپئن سپین صرف ایک میچ جیتنے میں کامیاب ہوسکا۔ سپین کی طرف سے 11 جبکہ آسٹریلیا کی طرف سے 4 بار گول کرنے کی کوشش ہوئی۔ سپین کی 8 شاٹس ہدف پر رہیں۔ سپین نے 8 فاؤل کئے جبکہ 14 فاؤل آسٹریلیا نے کئے۔ دوسرے میچ میں ہالینڈ نے چلی کو 2-0 سے ہرا دیا۔ ہالینڈ کی طرف سے لیروئے فراور مہمفس نے ایک ایک گول کیا۔ ہالینڈ کی طرف سے گول کرنے کی 13 جبکہ چلی کی طرف سے 9 کوششیں ہوئیں۔ چلی کی صرف ایک شاٹ ہدف پر گئی جبکہ ہالینڈ کی 8 شاٹس ہدف تک پہنچیں۔