• news

ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے درمیان آخری ٹیسٹ 26 جون سے شروع ہو گا

برج ٹائون (اے پی پی) ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور فیصلہ کن ٹیسٹ 26 جون سے برج ٹائون میں شروع ہو گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں کیوی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو عبرتناک شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی تاہم ویسٹ انڈین ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میں شاندار فتح حاصل کر کے حساب برابر کر دیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ 26 جون سے برج ٹائون میں شروع ہو گا۔ ویسٹ انڈین ٹیم کے کپتان دنیش رامدین نے کہا ہے کہ کیوی ٹیم کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شاندار فتح کے بعد کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے اور وہ کیوی ٹیم کو تیسرے ٹیسٹ میں زیر کر کے سیریز جیتنے کیلئے بے تاب ہیں۔ دوسری جانب کیوی ٹیم کے قائد برینڈن میک کولم نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میں شکست کے باوجود کھلاڑیوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے، سیریز جیتنے کیلئے سرتوڑ کوشش کریں گے۔ ٹیسٹ سیریز ختم ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان دو ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن