کراچی: فائرنگ، تشدد سے 2 خواتین سمیت 11 افراد جاں بحق، 4 تشددزدہ نعشیں برآمد
کراچی (این این آئی، نوائے وقت رپورٹ، وقت نیوز) شہر میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 2 خواتین سمیت 13 افراد جاں بحق ہو گئے۔ نارتھ ناظم آباد سے 27 سالہ حسیب کی گولیاں لگی تشدد زدہ لاش ملی۔ مقتول کو 22 جون کی رات میٹرک بورڈ آفس کالونی کوارٹر نمبر 6 سے نامعلوم افراد کو اغوا کر کے لے گئے تھے۔ جماعت اسلامی کا ہمدرد بتایا جاتا ہے۔ جٹ لائن میں گھر میں ڈکیتی کے دوران ملزمان نے 18 سالہ نازیہ کو سر میں گولی مار کر ہلاک کر دیا اور فرار ہو گئے۔ کامران چورنگی پی آئی اے سوسائٹی کے قریب سے 32 سالہ رزاق کی دو دن پرانی تشددزدہ لاش ملی۔ مقتول بلاک 11 ذکری گوٹھ گلستان جوہر کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ میٹروول نمبر 3 میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب فائرنگ سے 35 سالہ خیبر ہلاک ہو گیا۔ کلفٹن گزری فٹ بال گرائونڈ کے قریب 40 سالہ ساجد حسین کی گولیاں لگی لاش ملی۔ لاش کے قریب سے پستول بھی ملا ہے۔ موچکو کے علاقے رئیس گوٹھ سے 4 تشدد زدہ لاشیں ملیں۔ پولیس کے مطابق چاروں مقتولین کے ہاتھ پائوں بندھے ہوئے ہیں اور جسم پر تشدد کے نشانات ہیں اور گولیاں مار کر لاشیں مذکورہ مقام پر پھینک دی گئی ہیں۔ اب تک مقتولین کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ ایم اے جناح روڈ نزد علی رضا امام بارگاہ ناصرہ سکول کے قریب مسلح افراد نے کار پر فائرنگ کر دی فائرنگ کے نتیجے میں کار میں سوار پیپلزپارٹی کے عہدیدار سہیل انصاری کی اہلیہ زخمی ہوگئیں۔ میوہ شاہ قبرستان کے قریب 28 سالہ ندیم، لانڈھی لال آباد میں ماشاء اللہ کرایہ سٹور کے مالک 28 سالہ عامر شہزاد، چاکیواڑہ میں فائرنگ سے ندیم خان، پرانی سبزی منڈی عیسیٰ نگری فٹ بال گرائونڈ کے قریب 24 سالہ آصف جبکہ سندھی ہوٹل نمبر 1 ہسپتال بشیر چوک کے قریب گھر میں گھس کر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 40 سالہ جمیلہ اور 25 سالہ زویا کو چہرے پر گولیاں مار کر زخمی کر دیا، جمیلہ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ کٹی پہاڑی میں فائرنگ سے پولیس اہلکار سعید گل جاں بحق ہوگیا۔ لائنز ایریا میں خاتون کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ سرجانی ٹائون سے ایک شخص کی نعش ملی ہے۔ دوسری جانب رینجرز نے مسلم آباد میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد کالعدم تحریک طالبان کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان سے بھاری تعداد میں بارود اور اسلحہ برآمد ہواہے۔ منگھو پیر میں کچرا کنڈی سے نعش برآمد ہوئی۔ علاوہ ازیں رینجرز نے مسلم آباد کراچی میں کارروائی کر کے موٹرسائیکل پر نصب بم برآمد کر لیا۔ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔دریں اثناء چاکیواڑہ میں سندھ ہائیکورٹ کے رجسٹرار کو لوٹ لیا گیا۔ ڈاکو موبائل فون اور 14 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔بلوچ کالونی میں ہوٹل پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق بھینس کالونی میں پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ ایک کو گرفتار کرلیا گیا۔ محمود میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں پولیس موبائل پر فائرنگ کردی گئی۔ جوابی فائرنگ سے ایک زخمی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ اسکے ساتھی فرار ہوگئے۔